آئین میں جو اختیارات درج ہیں، کوئی سلب نہیں کرسکتا: الیکشن کمیشن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اس ادارے کے سہارے آپ وزیر اعظم ہاؤس تک پہنچ جاتے ہیں لیکن یہاں پیش نہیں ہوتے، آئین میں الیکشن کمیشن کے جو اختیارات درج ہیں ان کو کوئی نہیں سلب کر سکتا۔
ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے عمران خان، اسد عمر، فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔ تحریک انصاف کی جانب سے وکیل نوید انجم پیش ہوئے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ آج ہم نے ملزمان کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا، کیوں نہ ہم وارنٹ جاری کر دیں، سندھ ہائی کورٹ نے صرف اسد عمر کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرنے سے روکا ہے۔
جونئیر وکیل نے کہا کہ کمیشن تاریخ دے، انور منصور خود پیش ہو کر دلائل دیں گے، فیصل چوہدری بھی ہائی کورٹ میں مصروف ہیں۔ ممبر کے پی کے نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری نہیں کہ کون کہاں مصروف ہے۔
ممبر بلوچستان نے کہا کہ ہم اس پر مناسب آرڈر جاری کریں گے، قانون کا احترام سب پر فرض ہے، آپ کمیشن کو کچھ نہیں سمجھتے۔ ممبر کے پی نے کہا کہ جو لوگ بڑی کرسیوں پر بیٹھتے ہیں وہ کمیشن کو چھوڑی سی عدالت سمجھتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔