(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع دکی کے علاقے میں کان کنوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بے گناہ مزدوروں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، ملک دشمنوں کو منہ کی کھانی پڑے گی، ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہیں۔
شہباز شریف نے واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور رنج کا اظہار کیا، جاں بحق کان کنوں کے بلندیء درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعظم نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا اور انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ مزدوروں کو قتل کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، واقعے میں ملوث شرپسند عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقے دکی میں کوئلے کی کانوں پر مسلح افراد کے حملے میں 20 کان کن جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے، حملہ آوروں نے دستی بم اور راکٹ برسائے، کوئلے کی کان میں استعمال ہونے والی مشینری کو بھی جلا ڈالا۔