(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ قوم کی بیٹیوں کی ہمت، عزم اور قابلیت دنیا کو بدل سکتی ہے۔
بچیوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری بیٹیاں، بہنیں اور بچیاں قوم کا مستقبل ہیں، بیٹیوں کے خوابوں اور صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ان کا حق ہی نہیں، قومی فرض بھی ہے، آگے بڑھیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بچیوں اور خواتین کے تحفظ، تعلیم، صحت اور فلاح و بہبود کیلئے بہترین روڈ میپ پر عمل پیرا ہے، قوم کی بیٹیوں کے لئے ای بائیک، ورچوئل پولیس سٹیشن، پنک بٹن، پنک گیمز اور سکالرشپ پروگرام متعارف کرائے ہیں۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کی بیٹیوں کو محفوظ ماحول، معیاری تعلیم اور مالی خود مختاری فراہم کرنے کا سفر جاری ہے، خواہش ہے کہ ہر بیٹی اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے قابل ہو، معاشرہ ساتھ دے۔