خصوصی پیکج کے تحت بجلی کافی یونٹ 20 سے 30 روپے تک کم کر دیا جائے گا، وزیر توانائی

Oct 11, 2024 | 15:29:PM
خصوصی پیکج کے تحت بجلی کافی یونٹ 20 سے 30 روپے تک کم کر دیا جائے گا، وزیر توانائی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ توانائی کی قیمتوں میں کمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات جاری ہیں، بجلی کے شعبے میں اصلاحات وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں 8سے 10روپے فی یونٹ کمی کیلئے کوشاں ہیں،حکومت کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ بجلی کی پیداواری لاگت کو کم کریں۔ وزیر توانائی نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے بات چیت جاری ہے، آئی پی پیز مالکان کے ساتھ مشاورت سے بجلی کے معاہدوں پر نظرثانی کی جا رہی ہے اور 5آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کا عمل مکمل ہو گیا ہے، معاہدوں کو آنے والے دنوں میں عملی جامہ پہنائیں گے۔

 وزیر توانائی نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ سے بجلی کی قیمتوں میں کمی پر مسلسل کام کر رہے ہیں, آئی پی پیز کے ساتھ معاہدہ کو ازسرنو دیکھنے سے اور عوام کے تعاون سے 411ارب روپے کی بچت کی گئی ہے، آئی پی پیز کے ساتھ نئے معاہدوں سے اربوں روپے کی بچت ہو گی، آئی پی پیز ہیٹ ویو کی مد میں بھی اربوں روپے کما چکے ہیں۔اویس لغاری نے کہا کہ پانچ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدہ پر ایک ایک شق پر غور کیا، سردیوں میں بجلی کے صارفین کے لیے خصوصی پیکج لے کر آ رہے ہیں، سردیوں میں خصوصی پیکج کے تحت بجلی کافی یونٹ 20 سے 30 روپے تک کم کر دیا جائے گا اور ہم سردیوں میں بجلی کے استعمال کا فروغ چاہتے ہیں۔

اویس لغاری نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدہ کو ازسرنو دیکھنے میں تمام اداروں نے مل کر کام کیا، پانچ آئی پی پیز کے ساتھ معاملات میں آرمی چیف نے اہم کردار کیا ہے۔ وفاقی وزیر پاور ڈویژن نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں بجلی کے شعبے کی بہتری کیلئے اقدامات جاری ہیں، حکومت کے مختلف اقدامات کا مقصد بجلی کے نرخ کم کرنا ہے، بجلی کے یونٹ کی خریدو فروخت کیلئے مستقبل میں ایک ادارہ قائم ہونے جا رہا ہے اور مستقبل میں بجلی کمپنیاں خود ہی بجلی کی قیمتوں میں کمی کرتی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کا کامیابی سے مکمل ہونا روشنی کی نئی کرن ہے،اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت پاور سیکٹر کو ترقی دیں گے۔

وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ شراکت داروں کے ساتھ مل کر ترسیلی نظام کی بہتری کیلئے اقدامات جاری ہیں،ملک بھر میں الیکٹرک وہیکلز کیلئے چارجنگ کی دکانیں کھلیں گی، الیکٹرک وہیکلز کے حوالے سے تیزی سے کام جاری ہے اور الیکٹرک وہیکلز کے آنے سے بجلی کی طلب میں بھی اضافہ ہو گا۔