(اویس کیانی)صدرمملکت آصف علی زرداری سے ترکیہ کی پارلیمنٹ کے سپیکر نے ملاقات کی ،صدر مملکت نےپاکستان اور ترکیہ کے درمیان ریل روابط بہتر بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون،عوامی رابطوں کو فروغ دینے پر زور دیا۔
صدر پاکستان نے دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لانے کے لیے دو طرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے، وفود کے تبادلوں پر زوردیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ پاکستان اور مسلم دنیا کا عظیم اور مخلص دوست ہے، ترکیہ مسلم امہ کو درپیش مسائل پر اصولی موقف اختیار کرتا ہے، ناانصافی کے خلاف آواز اٹھاتا آیا ہے۔
اجلاس میں فلسطین اور لبنان کی سنگین انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا،ملاقات میں امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلم دنیا کی جانب سے مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ ترکیہ ایک اقتصادی طاقت بننے کے راستے پر گامزن ہے،انہوں نے ترکیہ کی کامیابی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے پہنچ گئے