تمام ممالک طالبان کو تسلیم نہ کریں، بھارتی شاعر جاوید اختر کی ٹویٹ

Sep 11, 2021 | 19:04:PM

(ویب ڈیسک)بھارت کے معروف شاعر، نغمہ نگار  اور سکرین رائٹر جاوید اختر نے عالمی رہنماؤں اور دیگر ممالک کے رویے پر  اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے  کہا ہے کہ یہ شرم کی بات ہے کہ مبینہ طور پر مہذب اور جمہوری ممالک طالبان کے ساتھ ہاتھ ملانے کیلئے تیار ہیں ۔انہوں نے کہا طالبان کو تسلیم نہ کیا جائے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق جاوید اختر  نے ایک ٹویٹر پیغام میں سبھی ممالک سے درخواست کی کہ وہ طالبان کو تسلیم نہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک لبرل شخص ، ہر ایک جمہوری ملک اور سبھی مہذب معاشرے کو طالبان کی طرف سے خواتین پر ہونے والے ظلم کے خلاف اس کو تسلیم کرنے سے انکار کردینا چاہئے۔ اس کی مذمت کی جانی چاہئے یا پھر انصاف ، انسانیت اور ضمیر جیسے الفاظ کو بھول جانا چاہئے ۔

جاوید اختر نےایک اور ٹویٹ میں انہوں نے طالبان ترجمان کے بیان کی بھی تنقید کی ۔ انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کے ترجمان نے دنیا سے کہا ہے کہ خواتین کا مقصد وزیر بننا نہیں ، گھر میں رہنا اور بچوں کو جنم دینا ہے ، لیکن مبینہ طور پر مہذب سماج  طالبان کے ساتھ ہاتھ ملانے کے لئے تیار ہے۔ یہ شرم کی بات ہے ۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ایک اور چینل سے گفتگو کے دوران جاوید اختر نے کہا تھا کہ پوری دنیا کے دائیں بازو کے لوگ ایک جیسے ہی ہیں ۔ جس طرح طالبان ایک اسلامی ملک چاہتا ہے، اسی طرح بھارتی لوگ ایک ہندو ملک چاہتے ہیں، سبھی کی ایک ہی ذہنیت ہے ۔ جاوید اختر کو اس بیان کی وجہ سے کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔

یہ بھی پڑھیں: آبروریزی کے بعد تشدد۔۔۔ خاتون کی دوران علاج موت

مزیدخبریں