(ویب ڈیسک )وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل لاہور چیمبر آف کامرس میں سیلاب متاثرین کی حالت زار بتاتے ہوئے آب دیدہ ہوگئے۔
مفتاح اسماعیل نے تقریب میں بیٹھے تاجروں سے سیلاب متاثرین کے لیے مدد کی اپیل کی اور ان کو مخاطب کرکے کہا کہ یہ اللّٰہ کا فضل ہے کہ ہم یہاں بیٹھے ہیں اور اس صورت حال کا سامنا نہیں کر رہے جس میں اس وقت سیلاب متاثرین گھرے ہوئے ہیں۔
وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مہنگائی ضرور ہے لیکن ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا ہے، سیلاب سے 6 ہزار کلو میٹر سڑکیں تباہ ہونے کے باوجود سپلائی لائن متاثر نہیں ہونے دی۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کرنے والے چار ممالک کی فہرست میں تھا ہم نے مشکل فیصلے کرکے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا۔انہوں نے مہنگائی بڑھنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو بجلی کا فی یونٹ 60 روپے کا پڑتا ہے موجودہ حالات میں حکومت پیٹرول اور بجلی پر سبسڈی نہیں دے سکتی۔