(24 نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قائد اعظم کے اس ملک کو ہم سب نے سنبھالنا اور سنوارنا ہے، قائداعظم محمد علی جناحؒ کے فرمودات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، آج اگر ہم خود کو آزاد قوم کہلاتے ہیں تو اس کے پیچھے قائداعظمؒ کی مدبرانہ سیاست ہے۔
تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر مزار قائد پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، برسی کے موقع پر مزار قائد پر قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا، قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ،شہلا رضا اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ قائد اعظم کی 74ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں،انہوں نے کہا کہ شدید مشکل وقت ہے اور سیلاب کی زد میں پاکستان خاص طور پر صوبہ سندھ آیا ہے، سیلاب سے پورا سندھ ڈوب گیا ہے اور پوری دنیا نے مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے یہ تباہی دیکھی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اقوام متحدہ میں اپنا مؤقف پیش کریں گے، کم از کم 50 ارب کا نقصان لائیو اسٹاک کا ہوا ہے جبکہ کراچی میں جو نقصان ہوا اس کے آپ سب گواہ ہیں، پانی نہیں رکا۔ سندھ میں 10 گنا زیادہ بارش ہوئی ہے تاہم ہم نے لوگوں کی بحالی کے لیے کام کرنا ہے۔