سیلاب سے متاثرہ بجلی کا نظام بھی مکمل بحال کر دیا : خرم دستگیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ بجلی کے بلوں کا بہت دکھ تھا مگر وزیر اعظم نے فوری طور پر ریلیف دیا، 300یونٹ والوں کو ریلیف فوری طور پر دیدیا گیا ہے ، سیلاب سے متاثرہ بجلی کا نظام بھی مکمل بحال کر دیا ۔
گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر خان نے کہا کہ سیلاب سے بجلی کی ترسیل کا نظام بھی متاثر ہوا،سیلاب سے بجلی سپلائی میں رکاوٹ آئی تھی، اب صرف معمول کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ،دن رات کی محنت کے بعد بجلی کا نظام بحال کیا گیا ہے، دادو کا گریڈ اسٹیشن بلوچستان اور جنوبی سندھ کی سپلائی کیلئے بہت اہم ہے،دادو کے گریڈ اسٹیشن پر خطرہ ابھی بھی موجود ہے ،پانی کا ریلا اس کی طرف بڑھ رہا ہے، ہم دادو گریڈ اسٹیشن کو بچانے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، دادو شہر چاروں طرف سے پانی میں گھیرا ہوا ہے۔
خیبر پختونخوا میں سیلاب سے بجلی کے کھمبے بھی پانی میں بہہ گئے تھے، یہ سیاست کا نہیں بلکہ سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کا وقت ہے، سیلاب متاثرین کی بحالی کی حکومت اپنا کام کر رہی ہے مگر کچھ لوگ اس ملک میں فساد پھیلانے چاہتے ہیں، کسی جتھے کے پاس جلسے کیلئے 10 کروڑ ہیں تو بہتر یہی تھا کہ وہ سیلاب متاثرین کیلئے استعمال ہوتے، سیلاب متاثرین کیلئے حکومت پنجاب کے پاس پیسے نہیں مگر وزرا کیلئے نئی گاڑیاں خریدنے کیلئے30کروڑ روپے موجود ہیں،ہم نے ایک دن بھی پیٹرول کی شارٹیج نہیں ہونے دی، بجلی کی قیمت بھی نیچے آئیگی۔
خرم دستگیر خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، تمام اسٹیشن چلا کر لوڈشیڈنگ کو کنٹرول رکھا، تحریک انصاف کا فتنہ اور فساد جلد عوام کے سامنے بے نقاب ہوجائے گا،کل خبر آئی ان کے دور میں یوٹیلٹی اسٹور میں 6ارب روپے کا گھپلا ہوا،ان کے دور میں کویڈ فنڈز میں کم ازکم 140ارب روپے کا گھپلا ہوا ہے،ہم نے متاثرین کو گھر بنا کر دینے ہیں، کروڑوں لوگوں کو کھانا فراہم کرنا ہے،سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔