(24 نیوز) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین وسابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قائد اعظم نے سیاسی جدوجہد کر کے آزاد ریاست کی بنیاد رکھی، قائد اعظم کی فلاسفی پر عمل پیرا ہیں، قوم کو ہر مشکل امتحان میں قائدِ اعظم کی پیروی کرنا ہوگی۔
بابائے قوم کی برسی پر اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو متحد اورمضبوط بنانے کی ضمانت 1973 کا آئین ہے، اٹھارویں آئینی ترمیم کی منظوری نے قائد اعظم کے پاکستان کو مستحکم کیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے قائدِ اعظم محمد علی جناح کے یومِ وفات پر اپنے پیغام میں کہا کہ قیام پاکستان جیسا عظیم کارنامہ قائدِ اعظم کی جمہوری جدوجہد کا نتیجہ ہےوہ ملک میں سب کیلئے سماجی انصاف چاہتے تھے، پاکستان کو ایک ایسی ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے جہاں جمہوریت مضبوط ہو۔
بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کو ایسی ریاست بنائیں جہاں آئین و پارلیمان کی بالادستی ہو، ایسی ریاست بنائیں جہاں انسانی حقوق کی پاسداری اور سب کیلئے اقتصادی مواقع میسر ہوں،آج ایک بار پھر سیلاب کی شکل میں ارض وطن کو ایک چیلنج کا سامنا ہے،سب کو مل جل کر اس نازک وقت میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آگے بڑھنا ہوگا۔