(24نیوز)کراچی کے علاقے سخی حسن چورنگی کے قریب واقع نجی بینک میں چور درجنوں لاکرز سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان لے کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سخی حسن چورنگی کے قریب واقع نجی بینک میں نقب زنی کی واردات ہوئی، چار مشتبہ چور رات کے 9 بجے بینک میں داخل ہوئے اور صبح پانچ بجے تک بلا خوف لوٹ مار کرتے رہے۔ملزموں نے بینک میں موجود 34 لاکرز کو ویلڈنگ کٹر مشین سے کاٹا اور اُن میں رکھا لاکھوں روپے مالیت کا سامان، نقدی، طلائی زیورات سمیت قیمتی چیزیں لے کر باآسانی فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزموں نے رات گئے بینک میں داخل ہوئے اور 8 گھنٹے واردات کی، بینک میں گُھسنے والے ملزموں کی تعداد 4 سے 5 تھی اور وہ ویلڈنگ کٹر مشین ساتھ لائے تھے۔
پولیس نے بینک میں تعینات سکیورٹی گارڈز کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق لاکرز سے چوری ہونے والے سامان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔سیکیورٹی گارڈ نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنے دوست کے ساتھ رات کا کھانا کھانے باہر گیا تھا، جب وہ واپس آیا تو بینک کا دروازہ کھلا ہوا تھا، اندر داخل ہونے کے بعد مسلح شخص نے اُس سے اسلحہ چھیننے کے بعد دونوں کو یرغمال بنا کر کونے میں بیٹھا دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: مرغی کے گوشت کی قیمت میں پھر کمی...