ن لیگ کے قائد نے لندن بیٹھ کر حکومت کو شکست دی : مریم نواز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومت ختم ہو رہی ہے ، حکومتی ارکان دوسرے ٹھکانے ڈھونڈ رہے ہیں،ٹی وی پر بیٹھ کو وزرا حکومت کے خلاف باتیں کررہے ہیں۔یہ لوگ جس کی طاقت ختم کرنےکا دعویٰ کرتے تھے اس نے لندن میں بیٹھ کر انہیں شکست دی۔
عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےمریم نواز کا کہنا تھا کہ ن لیگ کیخلاف دن رات پروپیگنڈا کیا گیا، ن لیگ کو دبانے اور ختم کرنے کی کوشش کی گئی، ڈسکہ کے عوام نے ووٹ پر پہرہ دیا ۔فروری میں یہ دھاندلی کر کے بھی نہیں جیت سکے، ہر فورم پر شکست کے بعد انہیں عوام کے میدان میں آنا پڑا، یہ سپریم کورٹ گئے کہ ہمیں عوام کی شکست سے بچاؤ۔مسلم لیگ (ن) کے قائد کے خلاف بیانات دیئے گئے ،یہ لوگ جس کی طاقت ختم کرنےکا دعویٰ کرتے تھے اس نے لندن میں بیٹھ کر انہیں شکست دی۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری سے متعلق میرا واضح موقف سامنے آچکا ہے، پیپلز پارٹی کو نوٹس مسلم لیگ (ن) نے نہیں پی ڈی ایم نے بھیجا، یہ نوٹس متفقہ رائے کے بعد بھیجا گیا، مولانا فضل الرحمان بلاول بھٹو کے خط کا جواب دیں گے، پی ڈی ایم قائم ہے اور اس میں شامل جماعتیں متحد ہیں، پاکستان میں حقیقی تبدیلی لانے کے لئے پی ڈی ایم اکٹھی ہے۔ پی ڈی ایم کا مقصد عوام کو ریلیف دلانا اور ملک کی سمت ٹھیک کرنا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ میدان میں آئے تو عوام کے ووٹوں نے الٹے پاؤں بھاگنے پر مجبور کر دیا، عوام نے ان کو ووٹ چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا، ن لیگ کو توڑنے کیلئے 5 سال سرتوڑ کوشش کی گئی، رانا ثنا اللہ پر جھوٹا مقدمہ بنایا۔
جہانگیر ترین کے معاملے پر مریم نواز نے کہا کہ جہانگیر ترین اور پی ٹی آئی کے باہمی معاملات پر کچھ نہیں بولنا چاہتی، جب تک جہانگیر ترین کا نمک کھا رہے تھے اور ان کے خرچے پر عیش کررہے تھے اس وقت تک وہ شوگر مافیا نہیں تھے اور اب ان کو سب یاد آگیا۔ حکومت کی حمایت کرنے والے جہانگیر ترین سے سبق سیکھیں۔ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا قول ہے کہ جس پر احسان کرو اس کے شر سے بچو۔
یہ بھی پڑھیں: ’’پی ڈی ایم چھوڑ دی لیکن واٹس ایپ گُروپ نہ چھوڑا‘‘