جہانگیر ترین کا معاملہ مزید الجھ گیا۔۔عمران خان کا ملاقات سے انکار

Apr 12, 2021 | 18:20:PM

 (24نیوز)تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کا معاملہ سنگین صورتحال اختیا رکر گیا،ترین کے دوستوں کی طرف سے حالات کو بہتر بنانے کی کوشش ناکام ہو گئی۔
وزیر اعظم عمران خان نے ترین معاملہ پر ملاقات کی خواہش کرنے والے 30 ارکان اسمبلی کی درخواست مسترد کر تے ہوئے ملاقات سے انکار کر دیا۔
 ذرائع وزیر اعظم ہاﺅس کے مطابق ملاقات کے خواہش مند ارکان کوکہا گیا ہے کہ اس مسئلہ پر 3رکنی کمیٹی تشکیل دی جا سکتی ہے پہلے اس سے ملاقات کر لی جائے پھر اگر معاملہ حل نہ ہوا تو وزیر اعظم سے بھی ملاقات ہو سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ تجویز لاہور کے ایک ایم پی اے کو دی گئی لیکن وزیر اعظم کو خط لکھنے والے ارکان اسمبلی نے تین رکنی کمیٹی سے ملاقات کی تجویز مسترد کر دی۔ 
واضح رہے کہ جہانگیر ترین کا تحریک ا نصاف کی حکومت سازی میں اہم کردار رہا۔لیکن رفتہ رفتہ جہانگیر ترین کو حکومتی معاملات سے دور کر دیا گیا۔ابھی حال ہی میں جہانگیر اور ان کے بیٹے کے خلاف منی لانڈرنگ اور چینی بحران سے متعلق تحقیقات شروع کر دی گئیں۔جس پر اظہار ناراضی کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے اپنی سیاسی طاقت کا بھر پور مظاہرہ کیا۔
ذرائع کے مطابق اس وقت جہانگیر ترین کے ساتھ وفاقی، صوبائی وزرا اورمشیروں سمیت تقریباً30 ارکان ہیں اور وہ کھل کر جہانگیر ترین کی حمایت کر رہے ہیں۔ان ہی ارکان نے معاملہ سلجھانے کیلئے وزیر اعظم کو ملاقات کیلئے خط لکھا تھا۔

ادھر وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کے خلاف شکنجہ سخت کردیا اور ان سے ان کے فارم کی زمینوں ، مشینری اور بیرون ملک جائیدادوں سے متعلق ریکارڈ طلب کرلیا۔   ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کو نوٹس بھجوایا ہے جس میں جہانگیر ترین سے 8 سوال پوچھے گئے ہیں، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ان سوالات کے جواب اگست 2020 سے مانگے جارہے ہیں۔ جہانگیر خان ترین نے جمعے کے دن بھی ان سوالات کے جوابات دینے کا وعدہ کیا تھا۔ جہانگیر ترین 13 اپریل کو جواب لے کر خود حاضر ہوں یا پھر وہ کمپنی سیکرٹری کے ذریعے بھی جواب جمع کروا سکتے ہیں۔

 ایف آئی اے کی جانب سے کہاگیا ہے کہ جہانگیر ترین ’جے کے فارمز‘ کی تمام مشینری کی خریداری کی اصل رسیدیں اور فارم کی 35 ہزار ایکڑ کے رقبے کے ثبوت جمع کروائیں، اس حوالے سے بینک کی رپورٹ جمع کروائیں، اس کے علاوہ مشینری اور 35 ہزار ایکڑ رقبے کی تخمینہ رپورٹ جمع کروائیں اور برطانیہ میں خریدی گئی جائیدادوں کی منی ٹریل بھی دیں۔

یہ بھی پڑھیں :بلاول بھٹونے نوٹس پھاڑ کر اچھی حرکت نہیں کی، راناثنا اللہ

مزیدخبریں