بلاول نے شوکاز نہیں، پی ڈیم کا گریبان پھاڑ ڈالا ہے‘ فردوس عاشق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اپنے منطقی انجام کو پہنچ گئی یہی ہونا تھا دیر سے ہوا مگر درست ہوا۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ہمراہ گورنر ہاﺅس میں آب پانی اتھارٹی کے زیراہتمام صاف پانی کی فراہمی کی تقریب کے موقع پرمیڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ حکومت کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے، صاف پانی کی فراہمی تحریک انصاف کی حکومت کے منشور میں شامل ہے،الحمدللہ گورنر پنجاب کی زیرقیادت صاف پانی کا خواب پورا ہو رہا ہے،نکاسی اور فراہمی آب سیاستدانوں کیلئے چیلنج ہے۔
فردوس عاشق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ پورے ہو رہے ہیں۔وزیراعظم کے نظریے کو مل کر آگے بڑھائیں گے۔ حکومت پنجاب عوامی ریلیف کے منصوبوں کو آگے بڑھا رہی ہے۔پینے کا صاف پانی بہت سی بیماریوں کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتاہے۔
معاون خصوصی نے پارٹی کے اندر گلے شکووں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ گورنر پنجاب کے پاس ہر زخم کا علاج ہے۔ توقع کرتے ہیں کہ وہ آگے بڑھ کروہ ہر کارکن کا گلہ شکوہ دور کریں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان کے گلدستے میں بہت سے پھول ہیں۔بکھرے ہوئے گلدستے کی خوشبو ختم ہوجاتی ہے۔گلے شکوے اور تحفظات کو گورنر کی قیادت میں دور ہونا چاہیے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ انصاف سب کیلئے یکساں ہونا چاہیے۔قانون اس وقت بالاتر ہو گا جب یہ سب کیلئے برابر ہوگا۔پی ڈی ایم کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہاکہ پی ڈی ایم کا کرچی کرچی بیانیہ عوام کے ہاتھوں تہس نہس ہوچکا ہے۔کچھ لوگوں نے پی ڈی ایم کا بیانیہ لانگ مارچ تک زندہ رکھنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کل شوکاز نہیں پھاڑا، پی ڈی ایم کا گریبان پھاڑا ہے۔ن لیگ کے پیٹ پھاڑنے کے اعلانات پر تو کچھ نہ ہوا لیکن بلاول نے شوکاز پھاڑ کر پیغام دے دیاکہ لائی بے قدراں نال یاری، ٹوٹ گئی تڑک کرکے۔ یہ تو ہونا ہی تھا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ میرا پہلے دن سے یہ م¶قف تھا کہ پیپلزپارٹی کبھی استعفے نہیں دے گی۔ مرسوں مرسوں سندھ سے استعفے نہ ڈیسوں۔ سندھ حکومت پی پی پی کیلئے آکسیجن کا سلنڈر ہے اور اسمبلیوں سے استعفے دے کر اور سندھ حکومت لاتعلقی اختیارکرکے پیپلزپارٹی کبھی اپنے پا¶ں پر کلہاڑی نہیں مارے گی۔پیپلزپارٹی کی سیاست کا سارا محور و مرکز سندھ حکومت سے جڑا ہے۔پی ڈی ایم اپنے منطقی انجام تک پہنچ گئی ہے۔یہی ہونا تھا، دیر سے ہوا لیکن درست ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : اسٹاک مارکیٹ میں مندی ۔۔سرمایہ کاروں کو57ارب58کروڑ10لاکھ کا نقصان