(24نیوز)گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ معیشت کے مختلف شعبوں میں بہتری آرہی ہے ، ترسیلات زر میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے،ابھی عید آنے والی ہے اس پر ترسیلات زر میں مزید اضافہ ہوگا،ترسیلات زر میں اضافہ ملکی معیشت میں معاون کردار ادا کرے گا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب کے دوران رضا باقر نے کہا کہ ترسیلات زر میں اضافہ خوش آئند ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں ترسیلات زر میں اضافے کی شرح 43 فیصد رہی ہے۔
رضا باقر نے کہا کہ ابھی عید آنے والی ہے اس پر ترسیلات زر میں مزید اضافہ ہوگا۔گورنر اسٹیٹ بینک نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ترسیلات زر میں اضافہ ملکی معیشت میں معاون کردار ادا کرے گا۔انہوں نے معاشی اشاروں میں اضافے کو پہلی اور تیسری کورونا وائرس کی لہر میں بطور فرق پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ کورونا کی پہلی اور تیسری لہر کے درمیان یہ پہلا فرق ہے۔
انہوںنے لارج اسکیل مینوفیکچرنگ (ایل ایس ایم) کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ بنیاد پر ایل ایس ایم میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے اگر یہ تقریب ہو رہی ہوتی اور ایل ایس ایم کا تذکرہ ہوتا تو اس کے تمام اشاریے منفی تھے۔انہوںنے کہاکہ سپلائی اور ایل ایم ایس کے شعبوں میں اشاریے مثبت ہیں جبکہ گزشتہ برس تمام اشاریے منفی تھے۔گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی شرح نمو 8.7 فیصد رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وائرس کی تیسری لہر کے دوران ہم مضبوط معاشی شرح نمو کے ساتھ داخل ہو رہے ہیں۔قبل ازیں رضا باقر نے روایتی گھنٹا بجا کر حصص مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز کیا۔
ادھروزیر اعظم عمران خان نے ترسیلات زر سے متعلق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پاکستان سے محبت بے مثال ہے۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پاکستان سے محبت اور وابستگی بے مثال ہے، آپ نے تمام ریکارڈ توڑ کر کووڈ کے باوجود مسلسل 10 ماہ 2 ارب ڈالر سے زائد بھیجے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ کی ترسیلات زر مارچ میں بڑھ کر 2 ارب 70 کروڑ ڈالر ہوگئیں جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 43 فیصد زیادہ ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ رواں مالی سال میں اب تک آپ کی ترسیلات زر میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔گاڑی کیوں روکی ۔۔۔پیپلزپارٹی کے ایم این اے نے ٹریفک بلا ک کردی