(24نیوز)شہباز شریف کے وزیر اعظم منتخب ہونے پر امریکا کا ردِ عمل بھی سامنے آگیا، وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک جمہوری پاکستان امریکا کے مفادات کے لیے اہم ہے۔
تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس میں ایک پریس بریفنگ میں ساکی نے کہا کہ ہم آئینی جمہوری اصولوں کی پرامن عملدرآمد کی حمایت کرتے ہیں'۔ ا ن کا مزید کہناتھا کہ امریکا یقینی طور پر قانون کی حکمرانی اور قانون کے تحت مساوی انصاف کے اصولوں کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس نے ہمیشہ ایک خوشحال اور جمہوری پاکستان کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھا ہے ،خواہ قیادت کوئی بھی ہو اس میں کوئی تبدیلی نہیں آتی۔
پریس بریفنگ میں ساکی سے ایک سوال کیا گیا کہ کیا بائیڈن شہباز شریف کو فون کریں گے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے پاس اس وقت کہنے کیلئے کچھ نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:انتقال اقتدار کا عمل مکمل۔۔نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے حلف اٹھا لیا