وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نااہل ہو گی:فواد چوہدری،شہباز شریف کیخلاف درخواست دائر

Apr 12, 2023 | 16:07:PM
وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نااہل ہو گی:فواد چوہدری،شہباز شریف کیخلاف درخواست دائر
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(امانت گشکوری)پی ٹی آئی رہنما فواد  چوہدری نے نواز شریف کے بیرون ملک جانے کی اجازت کےکیس میں وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف سپریم کورٹ میں  درخواست دائر کردی۔

سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں فواد چوہدری کی جانب سے استدعا کی گئی ہےکہ لاہور ہائی کورٹ کو حکم دیا جائےکہ نواز شریف کے بیرون ملک  جانےکی اجازت کیس میں مجھےفریق بنایا جائے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہےکہ شہباز شریف نواز شریف کی خرابی صحت کے باعث بیرون ملک جانے کے ضامن تھے، نواز شریف مفرور مجرم ہیں، شہباز شریف کو بطور ضامن نواز شریف کو ملک واپس لانا تھا لیکن انہوں نے سفارتی پاسپورٹ جاری کردیا۔فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ لاہور ہائی کورٹ نے کیس میں فریق بننےکی میری درخواست مسترد کی،لاہور ہائی کورٹ کو حکم دیا جائےکہ کیس میں مجھےفریق بنایا جائے۔درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف اور ریاست کو فریق بنایا گیا ہے۔

’وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نااہل ہو گی‘

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا زمان پارک کے آپریشن کو قانونی پہلو سے چیک کرنے کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات لگائی گئیں، کارکنوں پر اے ٹی سی کی دفعات سپریم کورٹ کے 7 رکنی بینچ کے فیصلہ کے منافی ہیں، آج لاہور ہائیکورٹ میں ہماری رٹ کو سماعت کے لیے منظور کر لیا گیا ہے، جے آئی ٹی کو غیر آئینی طریقے سے بنایا گیا، پیر سے ہماری درخواست پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو گی۔

ان کا کہنا تھا ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے فنڈنگ کے معاملات کہاں گئے، مسلم لیگ ن نے ایک ارب روپے کے لگ بھگ میڈیا مہم پر خرچ کیا، وہ فنڈنگ کہاں سے آئی، بینظیر بھٹو نے الزام عائد کیا تھا کہ یہ فنڈنگ اسامہ بن لادن سے آئی تھی، ن لیگ کو انٹرنیشنل ٹیرر آرگنائزیشن سے حصہ ملا لیکن الیکشن کمیشن ن لیگ کی فنڈنگ معاملات کو چھپانا چاہ رہا ہے، الیکشن کمیشن کو ن لیگ،پیپلز  پارٹی کی فنڈنگ کے معاملات سامنے رکھنے چاہئیں۔


انہوں نے کہا ہے کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ نااہل ہو گی، سپریم کورٹ فیصلے پر عمل نہ کرا سکی تو بطور ادارہ اس کا وجود ختم ہو جائے گا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا ایم کیو ایم نے پیپلزپارٹی کے آگے کراچی کے عوام کو بیچ دیا، نئی مردم شماری ایم کیو ایم کے مطالبے پر ہو رہی ہے، اس پر 45 ارب روپے خرچ ہوئے، حیدرآباد اور کراچی کی مردم شماری میں 29 لاکھ کا فرق رہ گیا ہے، نئی مردم شماری پر گئے تو کراچی کی دو سیٹیں کم ہو جائیں گی، 5 سے 6 وزیروں نے خود کو پیپلز پارٹی کے آگے بیچا ہے، ایم کیو ایم کے چار پانچ وزیر فروخت بھی ہو جائیں تو فرق نہیں پڑتا، ہم کراچی کے عوام کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں، ہم کراچی کے عوام کو یقین دلانا چاہتے ہی کہ انہیں انصاف دلائیں گے۔

ضرور پڑھیں :عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح غیرقانونی ہے,پیشگوئی کی وجہ سے ہوا: مفتی سعید
پنجاب میں الیکشن سے متعلق سوال پر فواد چوہدری کا کہنا تھا سپریم کورٹ کی حکم عدولی پر وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نااہل ہو گی، سکیورٹی پلان نہیں دیا تو آئی جی کے خلاف کارروائی ہو گی، سیکرٹری دفاع نے سکیورٹی پلان نہ دیا تو ان کے خلاف بھی کارروائی ہو گی، دو ہی صورتیں ہیں یا الیکشن ہوں گے یا وزیراعظم اور کابینہ گھر جائے گی۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا قاسم سوری کی رولنگ کو عدالت نے غیر قانونی قرار دیا، ہم نے فیصلہ کو مانا، ہم پیپلز پارٹی یا ن لیگ نہیں کہ عدالتی فیصلے کو تسلیم نہ کریں، سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت الیکشن کے لیے وفاقی حکومت کو فنڈز جاری کرنا ہیں، فنڈز جاری نہ کرنے کی صورت میں وزیراعظم اور کابینہ نااہل ہوں گے، سپریم کورٹ فیصلے پر عمل درآمد نہ کرا سکی تو بطور ادارہ اس کا وجود ختم ہو جائے گا، اگر عدالتی فیصلوں پر عمل نہ ہوا تو لوگ سڑکوں پرنکلیں گے اور حقوق مانگیں گے۔