(24 نیوز )لاہور میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد آج صبح ٹھنڈک کے احساس نے موسم خوشگوار بنادیا تاہم محکمہ موسمیات کا کہا ہے کہ دن گزرنے کے ساتھ درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ ہفتے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا، پارہ 38 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
لاہور میں جمعہ کو بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا تھا، جس کا اثر ہفتہ کی صبح میں نظر آیا تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا۔
محکمہ موسمات کے مطابق صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دوپہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹری گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور اور گرد و نواح میں آئندہ دنوں کے دوران شدید گرمی پڑنے کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے 14 اپریل سے ملک بھر میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 14 اپریل سے گرمی کا زور ہوگا، پارہ معمول سے 6 سے 8 ڈگری زیادہ رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کیلئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا۔ کراچی میں پارہ 38 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں بھی شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے انتباہ جاری کردیا۔
ترجمان کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں پیر سے دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا امکان ہے جب کہ صوبے کے بعض علاقوں میں دوپہر اور رات کے وقت گرم اور گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری سنٹی گریڈ تک اضافہ متوقع ہے۔