سونو ککڑ کا بہن نیہا ککڑ اور بھائی ٹونی ککڑ سے رشتہ ختم کرنے کا اعلان

Apr 12, 2025 | 21:30:PM

(ویب ڈیسک)پلے بیک سنگر، نغمہ نگار اور ٹیلی ویژن پرسنالٹی سونو ککڑ، جو سٹار گلوکاروں نیہا ککڑ اور ٹونی ککڑ کی بڑی بہن بھی ہیں، ہمیشہ اپنی بہن بھائی کے ساتھ گہری محبت اور قریبی تعلق کے لیے جانی جاتی رہی ہیں۔

یہ تینوں اکثر اپنے رشتے کے بارے میں کھل کر بات کرتے نظر آتے تھے، تاہم اب ایسا لگتا ہے کہ ان کے تعلقات میں دراڑ آ گئی ہے اور سونو نے ایک بڑا قدم اٹھا لیا ہے۔

سونو ککڑ نے سب کو اس وقت حیران کر دیا جب انہوں نے اچانک اعلان کیا کہ وہ اب نیہا ککڑ اور ٹونی ککڑ کی بہن نہیں رہیں۔

گلوکارہ نے 12 اپریل 2025 کی شام کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر یہ اعلان کیا کہ وہ اپنے بہن بھائیوں سے تمام تعلقات ختم کر رہی ہیں۔


اگرچہ سونو نے اس فیصلے کی کوئی خاص وجہ نہیں بتائی لیکن مداح اس صورتحال پر سخت پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔

اپنے مختصر پیغام میں، جو سونو ککڑ نے آن لائن شیئر کیا، انہوں نے لکھا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے بہت دلی صدمہ ہو رہا ہے کہ وہ اب نیہا اور ٹونی کی بہن نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ انہوں نے آسانی سے نہیں لیا بلکہ یہ گہرے جذباتی درد کے نتیجے میں لیا جانے والا فیصلہ ہے۔ 
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ 'آپ سب کو یہ اطلاع دیتے ہوئے انتہائی دل گرفتہ ہوں کہ میں اب دو باصلاحیت سپر سٹارز، ٹونی ککڑ اور نیہا ککڑ، کی بہن نہیں رہی، یہ فیصلہ میں نے گہرے جذباتی درد سے کیا ہے اور آج میں واقعی بہت دل شکستہ ہوں'۔

سونو ککڑ کی جانب سے شیئر کیے گئے اس پیغام پر سوشل میڈیا صارفین نے اپنے ردِعمل کا اظہار کیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ 'آپ کے لیے نیک تمنائیں'، ایک اور نے کہا کہ 'اس کی وجوہات کیا ہیں؟ یہ سب کیوں ہو رہا ہے؟'  ایک صارف نے لکھا کہ 'امید ہے سب جلدی ٹھیک ہو جائے گا'۔

یہ پوسٹ جلد ہی ریڈٹ پر بھی شیئر کر دی گئی، جہاں صارفین نے اپنی رائے دی۔ 
ایک صارف نے کہا کہ 'یہ پی آر اسٹنٹ ہو سکتا ہے ککڑ فیملی ایسے ڈرامے کرتی رہتی ہے، ایک وقت تھا جب نیہا نے حمل کی جھوٹی خبر بھی پھیلائی تھی، یہ فیملی کا کوئی اندرونی جھگڑا ہو سکتا ہے، بہن بھائیوں کے درمیان انا کی ٹکر ہو جاتی ہے'۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ 'ٹونی کو سپر اسٹار کون کہتا ہے، سوائے بہن کے؟ آپ کبھی اندازہ نہیں لگا سکتے کہ اس فیملی کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، ہو سکتا ہے یہ ان کے اگلے میوزک البم کے لیے پی آر اسٹنٹ ہو'۔

یہ خبر نہ صرف سونو ککڑ کے مداحوں کے لیے بلکہ نیہا ککڑ اور ٹونی ککڑ کے چاہنے والوں کے لیے بھی چونکا دینے والی ہے۔ 
البتہ، نیہا اور ٹونی نے اب تک اس معاملے پر کوئی ردِعمل نہیں دیا، سونو کا فیصلہ واقعی افسوسناک ہے، تاہم یہ اب تک واضح نہیں کہ سونو کو اس فیصلے پر کس بات نے مجبور کیا۔

یاد رہے کہ سونو ککڑ کو "سن بالیے" گانے کے لیے جانا جاتا ہے، جس میں گجندر ورما بھی شامل ہیں۔  انہوں نے کئی پنجابی، ہندی، کنڑ، تیلگو، تمل، مراٹھی، ملیالم اور نیپالی گانوں میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:صرف 2 گھنٹے کے دوران زلزلے کے 160جھٹکے

مزیدخبریں