(ویب ڈیسک)بالی وڈ انڈسٹری میں ایک ٹرینڈ جو کہ شروع سے ہی عام رہا ہے وہ بالی وڈ سیلبرٹیز کے پالتو کتے ہیں ، جن کو بھی خاصی لائم لائٹ ملتی ہے اور انہیں ان کے ناموں سے پکارا جاتا ہے۔
اداکارہ جھانوی کپور نے بھی ایک سفید رنگ کا معصوم کتا گود لے لیا اور اسے 'نئے آغاز' کا نام دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جھانوی نے اپنے اس ننھے ساتھی کے ساتھ محبت بھری تصویریں شیئر کیں، ان تصویروں میں کبھی وہ اپنے پالتو کو گود میں اُٹھائے، تو کبھی اُسے محبت سے گلے لگاتے دکھائی دیتی ہیں۔
سفید لباس میں ملبوس جھانوی کی مسکراہٹ اور اُن کا اپنے پالتو کے لیے بے پناہ پیار، ہر تصویر سے جھلکتا ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ کے عنوان میں لکھا کہ 'نئے آغاز کے لیے پُرجوش'، ساتھ ہی محبت اور وفاداری کے جذبات کو اُجاگر کرتے ہوئے اِن ہیش ٹیگز کا اضافہ کیا: #loveThatStays اور #loveTc۔
جھانوی کی اس دلنشین پوسٹ پر شوبز کے کئی ستاروں نے محبت کا اظہار کیا، ورون دھون، ارجن کپور، سدھارتھ ملہوترا، ویدانگ رائنا، راشا ٹھادانی اور سنجے کپور جیسے کئی نامور شخصیات نے اس پوسٹ پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔
یہ بھی دلچسپ امر ہے کہ جھانوی کے پاس پہلے سے بھی مختلف نسلوں کے کئی پالتو کتے موجود ہیں، جبکہ ان کی بہن خوشی کپور بھی جانوروں کی شوقین ہیں اور کئی خوبصورت پالتو رکھتی ہیں۔
جھانوی کپور صرف اپنے پالتو دوستوں کے ساتھ مصروف نہیں، بلکہ فنی دنیا میں بھی ان کے ستارے خوب چمک رہے ہیں۔
جلد ہی وہ جنوبی ہند کے سپر اسٹار رام چرن کے ساتھ فلم "پیڈی" میں جلوہ گر ہوں گی، اس فلم کی ہدایت کاری بُچی بابو سانا کر رہے ہیں، جبکہ فلم میں شیوا راج کمار، جگپتی بابو اور دیویندو جیسے تجربہ کار فنکار بھی شامل ہیں۔
فلم کو سُکمار رائٹنگز کے بینر تلے تیار کیا جا رہا ہے اور اس کی موسیقی دنیا کے مشہور اور آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان کے نوٹوں سے سجی ہوگی۔
اس کے علاوہ، جھانوی فلم "سنی سنسکاری کی تُلسی کماری" میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔ ششانک کھیتان کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں ان کے ہمراہ ورون دھون بھی ہوں گے۔
یہ فلم کرن جوہر کی دھرما پروڈکشنز اور کھیتان کے مینٹور ڈِسیپل انٹرٹینمنٹ کے تحت بن رہی ہے اور 12 ستمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
فلم کی کاسٹ میں ثانیہ ملہوترا، اکشے اوبرائے، روہت سرَف اور منیش پال جیسے باصلاحیت فنکار شامل ہیں۔
بات یہیں ختم نہیں ہوتی، جھانوی، ایشان کھتر اور وشال جیٹھوا کے ساتھ نیراج گھایوان کی ہدایت کردہ فلم "ہوم باؤنڈ" میں بھی جلوہ گر ہوں گی۔
اس فلم کو عالمی شہرت یافتہ کانز فلم فیسٹیول کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے، فلم کے پروڈیوسرز کی فہرست بھی متاثر کن ہے، جن میں کرن جوہر، ادھار پونا والا، اپوروا مہتا اور سومین مشرا شامل ہیں۔
78 واں کانز فلم فیسٹیول، جہاں دنیا بھر کے فنکار اپنی تخلیقات پیش کریں گے، 13 مئی سے 24 مئی تک جاری رہے گا۔
جھانوی کی فلم کا انتخاب نہ صرف ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ بھارتی سینما کے لیے بھی ایک اعزاز سے کم نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:اداکارہ عمارہ چودھری، بابراعظم، نسیم، صائم اور اعظم خان میں سے کس سے شادی کیلئے تیار؟خود ہی بتا دیا