فردوس عاشق استعفیٰ ۔۔ اندرونی کہانی سامنے آ گئی

Aug 12, 2021 | 20:31:PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) فردوس عاشق اعوان کی معاون خصوصی کے عہدے سے استعفیٰ دینے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
 تفصیلات کے مطابق ذرائع کے مطابق فردوس عاشق اور وزیراعلیٰ آفس میں تعلقات بیس جولائی سے سردمہری کاشکار تھے۔ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب نے سیالکوٹ الیکشن سے قبل حکومت کویقین دلانے کے لئے استعفے کی پیشکش کی تھی جب کہ سیالکوٹ کی تنظیم نے پارٹی عہدیداروں کو فردوس عاشق کی عدم دلچسپی سے آگاہ کیا تھا۔
ضمنی الیکشن جیتنے کے تین دن بعد ایوان وزیراعلیٰ نے فردوس عاشق کو استعفے کی ہدایت کی تھی اور چھ اگست استعفیٰ لینے کا آخری دن مقرر کیا گیا۔
فردوس عاشق نے استعفے سے پہلے وزیراعظم ہائوس سے اسائنمنٹ لینے کی کوشش کی اور چھ اگست کو استعفے سے قبل تین گھنٹے تک وزیراعلیٰ کا انتظار کرتی رہیں، وزیراعلیٰ سے مختصر ملاقات کے بعد فردوس عاشق نے استعفیٰ دے دیا۔
ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے استعفے کے بعد وزیراعظم سے ملنے کی بھی کوشش کی تاہم وزیراعظم سے ملاقات میں خاطر خواہ نتائج حاصل نہ کرسکیں۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے سے مستعفی ہونے والی ڈاکٹر فردوش عاشق اعوان نے اپنے سیاسی مستقبل سے متعلق فیصلہ کرلیاہے۔فردوس عاشق نے گورنرہائوس لاہور سے اپنا تمام سامان اٹھا لیا ہے، معاون خصوصی برائے وزیراعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے فردوس عاشق گورنر ہائوس میں رہائش پذیر رہیں۔
 ذرائع کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے گورنرہائوس میں سرکاری رہائشگاہ کو خالی کردیا ہے، فردوس عاشق اعوان اب زیادہ وقت اپنے حلقے سیالکوٹ میں گزاریں گی۔
یہ بھی پڑھیں:لازمی قرآن ٹیچنگ بل صوبہ بھر میں لاگوکردیا گیا۔۔چودھری پرویز الٰہی

مزیدخبریں