(24 نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیر ریلوے کے مشیر شاہ رخ خان کو برطرف کرنے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ میں اولڈ ریلوے گالف کلب عملدرآمد کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے وزیر ریلوے کے مشیر کی تقرری پر اظہار برہمی کیا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر ریلوے نے گالف کلب کیلئے مشیر مقرر کیا، وزیر ریلوے نے کس قانون کے تحت شاہ رخ خان کو مشیر مقرر کیا؟۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ گالف کلب کسی کی ذاتی ملکیت نہیں کہ اس پر من پسند لوگ مقرر کر دیئے جائیں، پبلک آفس میں ایسی تقرریاں نہیں کی جاسکتیں۔
سیکرٹری ریلوے نے عدالت کو بتایا کہ وزیر ریلوے نے کلب کے مفاد میں شاہ رخ خان کو مشیر مقرر کیا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ وزیر ریلوے کا مشیر تقرر کرنا عدالتی فیصلے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی دانستہ طور پر کی گئی ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ مشیر صاحب کی اس سے زیادہ اور کیا اتھارٹی ہو سکتی ہے کہ وہ وزیر ریلوے کے منظور نظر ہیں۔عدالت نے اولڈ ریلوے گالف کلب کا آڈٹ مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کا سپریم کورٹ کا ایڈہاک جج لگنے سے پھر انکار