فوج ملکی سلامتی کی ضامن، متنازع نہیں بنانا چاہئے، صدر عارف علوی

Aug 12, 2022 | 18:20:PM

(مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کاکہناہے کہ فارن فنڈنگ میں ہم حساب کتاب رکھنے پر پکڑے گئے،امریکی قانون کے مطابق فنڈنگ کیلئے کمپنی بنانا ہوتی ہے۔
سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر عارف علوی کا کہناتھا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو کہتا رہتا ہوں چیزیں ٹھیک نہیں ہیں،سیاستدان ایک میز پر نہیں بیٹھ رہے، ان کو اکٹھا بٹھانے کی ضرورت ہے،مجھے کوئی کامیابی نظر آئی تو ضرور کہوں گا ایک میز پر بیٹھ جائیں ،صدر کی حیثیت سے خود اکٹھا نہیں کر سکتا، کہہ ہی سکتا ہوں۔ان کا کہناتھا کہ پریشان ہوں اور محسوس کرتا ہوں خلیج بڑھتی جا رہی ہے، اسے کم ہونا چاہئے، سیاستدانوں کو کلاس روم کی طرح گھنٹی بجا کر تو بٹھایا نہیں جا سکتا۔
صدر مملکت نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ کیا سب کو ایمنسٹی دے کر کلیئر کردیا جائے،صدر عارف علوی نے کہاکہ مینجمنٹ کے ایشو پر عمران خان کو بتاتا رہا ہوں لیکن ان کا اپنا موقف تھا،ان کا کہناتھا کہ سوشل میڈیا پر سب برا نہیں،90 فیصد اچھا ہے۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کی 85 سمریاں آئیں، صرف4 یا 5 کو روکا تھا،ان کا کہناتھاکہ اپنی آئینی ذمہ داریوں سے آگاہ ہوں،تمام پارٹیز کو مثبت ، اہم معاملات پر افہام و تفہیم پیدا کرنا چاہئے،صدر مملکت کا کہناتھا کہ فوج ملکی سلامتی کی ضامن ہے، فوج کو متنازع نہیں بنانا چاہئے۔
ان کا کہناتھا کہ چندماہ قبل تمام پارٹیاں جلد الیکشن کی بات کر رہی تھیں، اب ہی رائے بدلی ہے،صدر عارف علوی نے کہاکہ عدالتی حکم پر وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کا حلف رات2 بجے لیا،ان کا کہناتھا کہ عمران کی حکومت جانے پر پارٹی کے دوستوں نے بہت مشورے دیئے تھے، میرے پاس تو ایک ہی آئینی بندوق ہے، اس سے چڑیا مار سکتا ہوں یا اس پر میزائل لگالوں۔
انہوں نے کہاکہ ججز تقرری پر چیف جسٹس نے کہا کوئی معیار ہونا چاہئے اور میں اس کا حامی ہوں،روس سے تعلقات پر کہا کہ یہ کوشش10 سال سے چل رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ،فی تولہ کتنے کا ہو گیا؟ اہم خبر

مزیدخبریں