(24 نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری کاکہنا ہے کہ عمران خان امریکہ سے تعلقات کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں ، عمران خان اپنی صوبائی حکومتوں سے کہہ رہے ہیں کہ مجھے امریکہ سے معافی دلوائیں ، خیبرپختونخوا حکومت نے امریکی سفیر کا ریڈ کارپٹ استقبال کیاگیا، عمران خان امریکی سفیر کو چھپ چھپ کر ویڈیو کالز کر رہے ہیں۔
فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہاکہ بشریٰ بی بی کے ارسلان بیٹے نے افواج کے خلاف مہم چلائی ،لیگی رہنما کا کہناتھا کہ چیف آف سٹاف نے عمران خان کے کہنے پر بیان دیا ،آج چیف آف سٹاف کو روٹی دینے والا کوئی نہیں ، ان کاکہناتھا کہ عمران خان نے ساری زندگی ذاتی مفاد کیلئے دوسروں کو استعمال کیا۔
طلال چودھری کاکہناتھاکہ ممنوعہ فنڈنگ پکڑے جانے پر عمران خان معصوم بننے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ، عمران خان نے توشہ خانہ کے تحائف تک نہیں چھوڑے ، عمران خان اب نواز شریف کا نام لے کر این آر او مانگ رہا ہے ۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہاکہ کل بتاوں گا کس شہر کا ڈی سی تحریک انصاف کے جلسوں کیلئے بسیں بھر رہا ہے،ان کاکہناتھا کہ ہاکی سٹیڈیم میں جلسہ اسلئے کررہے ہیں تاکہ جگہ کم ہے اور بھر جائے گا،طلال چودھری نے کہاکہ اس نے ہر آتے دن کیساتھ شہباز گل کی طرح جیل میں جانا ہے، اسکو چاہیے کہ شہباز گل کو مل آئے تاکہ اسکو تھانے کا پتا چل جائے گا۔ان کا کہناتھا کہ شہباز گل نے دو دن تھانے میں گزارے تو ساری پی ٹی آئی سیدھی ہوگئی ہے،ابھی ان لوگوں کو مزید سیدھا کیا جائے گا۔
لیگی رہنما نے کہاکہ ہمارے وہی امیدوار عمران خان کو شکست دیں گے جنہوں نے دو ہزار اٹھارہ میں الیکشن لڑے ،انشا اللہ پوری مسلم لیگ ن ملکر فیصل آباد کا الیکشن لڑے گی ،این اے 108 کے الیکشن کی وجہ سے مسلم لیگ ن کے اختلافات ختم ہوگئے ہیں۔
ان کاکہناتھا کہ عمران خان صاحب تنقید اور بغاوت میں فرق ہوتا ہے،ہمیں کارگل کی جنگ سے اختلاف تھا، مگر نواز شریف نے کارگل کے شہدا کو تمغے دیئے ،شہیدوں سے کیا اختلاف؟ طلال چودھری نے کہاکہ نواز شریف کا بار بار نام لیتے ہو نواز شریف سے تمہارا کیا مقابلہ،نواز شریف نے اداروں پر مثبت تنقید کی ہے،ان کاکہناتھاکہ عمران خان نے جو نمبر بلاک کئے اب انہی پر مس کالز مارتا ہے،لیگی رہنما نے کہاکہ نواز شریف اور تمہارے کیس میں زمین آسمان کا فرق ہے،نواز شریف نے منی لانڈرنگ، یا اثاثہ جات نہیں چھپائے، تم نے غیر ملکی شہریوں سے فنڈ لئے، تم نے دوست ممالک کی طرف سے دیئے جانے والے تحائف بیچے۔
لیگی رہنما نے کہاکہ اپنے آپکو نواز شریف سے ملا کر اپنے گناہ چھپانے کی کوشش مت کرو،عمران خان تم نواز شریف کو صلح کے پیغامات مت بھیجو،آئین کی کتاب میں لکھے تمام جرائم کے تم مرتکب ہو۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ،فی تولہ کتنے کا ہو گیا؟ اہم خبر