امریکا کا سندھ کیلئے 10لاکھ ڈالر امداد کا اعلان

Aug 12, 2022 | 19:40:PM

(24نیوز)کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی ،ملاقات میں تعلیم اور صحت کے شعبوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ اور امریکی سفیر کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں یو ایس ایڈ کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل مارک اسٹروہ ، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب اور قاسم نوید قمر ، رسول بخش چانڈیو موجودتھے ۔امریکا نے سندھ کیلئے 10لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کردیا۔
دونوں کے درمیان ملاقات میں موسلادھار بارش سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شدید بارشوں سے سندھ میں تین ڈویژن کے 8اضلاع بری طرح متاثر ہوئے،مجموعی طور پر 723 دیہات متاثر ہوئے ہیں ،2135.4 کلومیٹر رقبہ پر پھیلی 548 مختلف سڑکیں، 45 برجز، 32 دکانیں تباہ ہوئیں ۔22817 جزوی مکانات اور 4520 مکمل تباہی سمیت 974 مویشی ہلاک اور 674 رقبے پر پھیلی فصلیں تباہ ہوئیں۔شدید بارشوں کے نتیجے میں 130 افراد ہلاک ہوئے جن میں 54 مرد، 11 خواتین اور 65 بچے شامل ہیں جبکہ 422 متعدد زخمی ہوئے۔
اس موقع پر امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت نے موجودہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو ایک ملین ڈالر کی گرانٹ کا اعلان کیا ہے، یو ایس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ (USAID)کی جانب سے مالی امداد فراہم کی گئی ،امریکی سفیر کا کہناتھا کہ امریکہ کے عوام اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں،ہمارے دل ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے پاکستان بھر میں سیلاب میں اپنے پیاروں کو کھو دیا اور وہ بحالی کیلئے کوشاں ہیں، امید ہے صوبہ سندھ کیلئے یہ نئی فنڈنگ جلد بحالی اور کمیونٹیز کیلئے معاون ثابت ہوگی ،
وزیر اعلیٰ سندھ نے یو ایس ایڈ کے ذریعے قدرتی آفات کے متاثرین کیلئے امریکی حکومت کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا،ملاقات میں 155 ملین ڈالر کے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:فوج ملکی سلامتی کی ضامن، متنازع نہیں بنانا چاہئے، صدر عارف علوی

مزیدخبریں