(شعیب مختار) سندھ میں نگران وزیراعلیٰ کے انتخاب کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ آج ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق رعنا انصار اور سید مراد علی شاہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں نگران وزیراعلیٰ کے ناموں پر مشاورت کی جائے گی جہاں رعنا انصار ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور جے یو آئی کے تجویز کردہ نام وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کریں گی۔
ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور جے یو آئی کی جانب سے نگران وزیراعلی سندھ کیلئے تین نام فائنل کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: سندھ اسمبلی تحلیل، گورنر سندھ نے سمری پر دستخط کر دیئے
ذرائع سے موصول ہونیوالی اطلاعات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ سندھ کیلئے شعیب احمد صدیقی، یونس ڈھاگا اور ڈاکٹر صفدر عباسی کا نام پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
مذکورہ ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگران سیٹ اپ سے متعلق بھی مشاورت ہوگی۔