مختلف شہروں میں موسلادھار بارش ،محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی

Aug 12, 2024 | 09:00:AM
مختلف شہروں میں موسلادھار بارش ،محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ( روزینہ علی ،مائدہ وحید، آئمہ خان) ملک بھر میں مون سون بارشوں کے دھواں دھار سپیل نے جل تھل کردیا جبکہ محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کیساتھ  مزید بارشوں  کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی/ جنوبی پنجاب، شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گر دو نواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے،مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، شیخو پورہ، اوکاڑہ، قصور، فیصل آباد، بہاولنگر، بہاولپور، ملتان، خانیوال، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، تونسہ، بھکر، لیہ، راجن پور اور رحیم یار خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔

اس کے علاوہ دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بالاکوٹ، بونیر، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، مالاکنڈ، مہمند، خیبر، باجوڑ، پشاور، کوہاٹ، اورکزئی، کرم، کرک، بنوں، ٹانک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلا ع میں موسم گرم اورمرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، لورالائی، زیارت، سبی، ڈیرہ بگٹی، خضدار، قلات، آواران اور لسبیلہ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود اور حبس رہے گا جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش کا امکان ہے تاہم تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، جیکب آباد، لاڑکانہ اور دادو میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیاز کی کتنی اقسام ہیں؟نوجوان کی ویڈیو نے سب کو حیرت میں مبتلاکردیا

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک اور بارش ہونے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ لاہور میں موسلا دھار بارش نے رنگ جما دیا، شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہےم شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری ریکارڈ کئی گئی۔

ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ بارشوں سے ہری پور کے ندی نالوں اور دریائے دوڑ میں طغیانی آ گئی ہے اور نشیبی علاقے زیر آب آنے سے علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔