(ویب ڈیسک)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے حوالے سے کہاجاتارہاہے کہ وہ خواتین کے لئے غیرمحفوظ شہرہے ،اب معروف بالی وڈ اداکارہ تاپسی پنو نے بھی اس کی تصدیق کردی ہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی خواتین کے لیے سب سے زیادہ غیر محفوظ شہر بن چکاہے۔
بھارتی اداکارہ نے ایک تازہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ دہلی کے رہائشی والدین اپنی بیٹیوں کو سورج ڈوبنے سے قبل گھر آنے کی تاکید کرتے ہیں جبکہ دیگر شہروں میں ایسا نہیں ہوتا،وہ خود دہلی کی رہنے والی ہیں اس لئے یہ سمجھتی تھیں کہ ہر شہر میں ایسا ہوتا ہوگا لیکن جب انہیں دوسرے شہروں میں رہنے کا موقع ملا تو پتہ چلا کہ وہاں ایسا نہیں ہوتا۔
اداکارہ تاپسی پنوکا مزیدکہنا تھا کہ انہوں نے فلمی سیٹ پر خود کو کبھی غیر محفوظ نہیں سمجھا لیکن بہت سی اداکاراؤں کو سیٹ پر ہراسانی کا سامنا ہوا ہے،اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہیں ایک مرتبہ مذہبی تہوار کے دوران بھیڑ میں جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔