سیدنورنے کام نہ دے کرمیرافلمی کیریئرتباہ کیا،ریشم کاالزام
میں اُن کے مزاج کو سمجھتی تھی اور میرے لیےان کے ساتھ کام کرنا آسان تھا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف اداکارہ ریشم نے ہدایت کار سید نور پر اُن کا فلمی کیریئر تباہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ میرے مزاج کے ہدایتکار تھےمیرے لیے ان کےساتھ کام کرنا آسان تھا لیکن اُنہوں نے مجھے کام دینا بند کردیا تھا۔
ریشم ایک باصلاحیت اداکارہ ہیں جنہوں نے کئی ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہرکھائے ہیں، ان کی فلمیں جیوا اورسنگم بہت ہِٹ ہوئی تھیں جبکہ امربیل،اشک اور من او سلویٰ جیسے کئی ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہردکھائے ہیں،کئی برینڈزکے لیے ماڈلنگ بھی کی ہے،اب وہ اپنا زیادہ وقت خیراتی کاموں کو دیتی ہیں اورلنگرتیارکرنے کی ویڈیوزسوشل میڈیاپراپ لوڈبھی کرتی رہتی ہیں جس پر بعض حلقوں کی جانب سے تنقید بھی ہوتی ہے۔
ریشم نے حال ہی میں کامیڈین و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں اپنے کیریئر اورشادی سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے ریشم نے کہا کہ میں نے حال ہی میں ہدایت کار سید نور کو یہ کہتے ہوئے سنا تھا کہ ریشم ایک بدقسمت اداکارہ ہیں کیونکہ ریشم نے سستی پروڈکشنز میں کام کرکے خود کو تباہ کیا۔
اداکارہ نے کہا میں مانتی ہوں کہ میں نے اچھی اور بری فلموں میں کام کیا لیکن مجھے یہ ثابت کریں کہ کس اداکار نے اچھا بُرا کام نہیں کیا، ہر فنکار اپنے کیریئر میں اچھے بُرے پراجیکٹس کرتا ہے لیکن کوئی مانتا نہیں ہے، سب کو یہ لگتا ہے کہ صرف ریشم نے بُری فلمیں کیں۔
ریشم نے مزید کہا کہ سید نور نے میرے پاؤں پر کلہاڑی ماری،صرف وہی میرے مزاج کے ہدایت کار تھے،میرے لیےان کے ساتھ کام کرنا آسان تھا، میں اُن کے مزاج کو سمجھتی تھی لیکن اُنہوں نے مجھے کام دینا بند کردیا تھا کیونکہ اُنہیں اداکارہ صائمہ جی سے محبت ہوگئی تھی جس کی وجہ سے وہ اپنی ہر فلم میں صرف اُنہیں ہی کاسٹ کرتے تھے اور اُن کے پاس میرے لیے کوئی کام نہیں تھا۔
اداکارہ ریشم نےگفتگوکرتے ہوئے کہا کہ خدا کی قسم!سید نور نے میرا کیریئر تباہ کیا، اُنہوں نے فلم کے سیٹ پر میری توہین کی اور کہا کہ تمہیں کون اپنی فلم میں کاسٹ کرے گا،مجھے انڈسٹری چھوڑنی پڑی کیونکہ میرے پاس کام نہیں تھا، میں اس بات سے بھی اتفاق کرتی ہوں کہ پنجابی فلموں میں صائمہ جی کو کاسٹ کرنا ہی بہترین فیصلہ تھا کیونکہ وہ پنجابی عورت جیسی خوب صورت تھیں لیکن میں اردو فلموں میں کام کر سکتی تھی۔
ریشم نے مزید کہا کہ سید نور یہ بات نہیں کہہ سکتے کہ میں اپنے کام کو نہیں جانتی، مجھے اُن کے اس بیان سے بہت دکھ ہوا۔