(24نیوز) عمرہ کرنے کی آڑ میں بھیک مانگنے کے لیے جانے والے 11 مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے کے غرض سے جانے والے 11 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان فلائٹ نمبر PK711 کے ذریعے عمرہ ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے۔ گرفتار ملزمان میں شاہد، مجاہد، ظفر اور 8 خواتین شامل ہیں، جن کا تعلق پنجاب سے ہے۔ ملزمان کی جانب سے پیش کیے جانے والے ریٹرن ٹکٹ جعلی نکلے جبکہ ملزمان نے جو ہوٹلز کی بکنگ دکھائی وہ بھی جعلی تھی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان بھیک مانگنےکی غرض سے سعودی عرب جا رہے تھے۔ ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔