(24 نیوز ) بہت سے پاکستانی طلبا کا خواب ہے کہ وہ اپنی تعلیم سنگا پور سے حاصل کریں لیکن کبھی کم مارکس تو کبھی سخت ویزا پالیسی آڑے آجاتی تھیں لیکن اب اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کا سنہری موقع آ گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سنگاپور نے امیگریشن قوانین میں نرمی کرتے ہوئے بین الاقوامی طالب علموں کے لیے مستقل رہائش(پی آر) کا حصول آسان بنا دیا ہے،نظرثانی شدہ قوانین کے تحت ایسے طالب علم پاس ہولڈرز سنگاپور کی پی آر کے لیے درخواست سے سکتے ہیں، جنہوں نے کم از کم ایک نیشنل امتحان پاس کررکھا ہو یا انٹیگریٹڈ پروگرام میں شرکت کر رکھی ہو۔قبل ازیں غیرملکی طالب علموں کو دو سال انتظار کرنا پڑتا تھا، جس کے بعد وہ پی آر کے لیے درخواست دینے کے اہل قرار پاتے تھے۔نئی پالیسی میں ایسے طالب علموں کے لیے پی آر کا حصول تیز تر بنایا گیا ہے جو اچھی تعلیمی کارکردگی دکھائیں گے۔ نئی پالیسی کے تحت پرائمری سکول لیونگ ایگزامینیشن ( ای ایس ایل ای) یا جنرل سرٹیفکیٹ آف ایجوکیشن (جی سی ای)این /او /اے لیولز پاس کرنے والے طالب علم بھی پی آر کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
انٹیگریٹڈ پروگرام میں حصہ لینے والے طالب علم، جنہوں نے ایک 6سالہ کورس، جس میں جی سی ای اے لیول، آئی بی ڈپلومہ یا این یو ایس ہائی سکول ڈپلومہ ہوتے ہیں، کیا ہو، وہ بھی پی آر کی درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔سنگاپور حکومت کی طرف سے گارڈین ویزوں کے قوانین میں بھی تبدیلی کی گئی ہے اور مرد گارڈین کو بھی طالب علم کے ساتھ جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ قبل ازیں صرف خواتین گارڈین ہی طالب علم کے ساتھ جا سکتی تھیں۔