سابق انگلش کرکٹر گراہم تھورپ نے خود کشی کی، اہلیہ کا انکشاف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) سابق انگلش کرکٹر گراہم تھورپ کی اہلیہ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے شوہر کی موت طبعی نہیں تھی بلکہ انہوں نے مبینہ طور پر خود کشی کی ہے۔
انگلینڈ کے سابق کرکٹر گراہم تھورپ گزشتہ دنوں 55 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، ان کی موت سے متعلق اب اہلیہ نے حیران کن انکشاف کیا ہے کہ ان کی موت طبعی نہیں ہوئی بلکہ خودکشی کی۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے 5 اگست کو بیان جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ اعلان کرتے ہیں کہ گراہم تھورپ اس دنیا سے رخصت ہوگئے ہیں، ان کی موت کا صدمہ ناقابل بیان ہے، رپورٹس کے مطابق گراہم تھورپ 2022 سے شدید بیمار تھے اور ان کا علاج جاری تھا، البتہ ان کی بیماری کی وجوہات سامنے نہیں آئی تھیں اور موت کی واضح وجہ کا بھی معلوم نہیں ہوسکا تھا۔
تاہم اب انگلینڈ کے سابق کرکٹر گراہم تھورپ کی اہلیہ نے ان کی موت سے متعلق بڑا انکشاف کیا ہے، گراہم تھورپ کی اہلیہ امانڈا نے انکشاف کیا ہے کہ سابق انگلش کرکٹر نے گزشتہ دو سال سے اپنی خراب صحت کی وجہ سے ڈپریشن اور پریشانی کے باعث خود کشی کی۔
امانڈا نے انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ گراہم تھورپ نے طویل ذہنی اور جسمانی جنگ لڑی، گراہم تھورپ حالیہ دنوں میں بہت بیمار تھے اور انہیں ایسا یقین ہوگیا تھا کہ ان کی بیماری کی وجہ سے ان کے گھر والوں کو کافی پریشانی کا سامنا ہے اور ان کے جانے سے ہماری زندگی بہتر ہوجائے گی، اس لیے سابق کرکٹر نے اپنی جان لی۔
امانڈا نے مزدی کہا کہ ہم نے بطور خاندان گراہم کا ساتھ دیا اور ان کے علاج کی کافی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے ان میں سے کوئی بھی کام نہیں کر سکا۔
یہ بھی پڑھیں: اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو کونسی مراعات ملتی ہیں؟
واضح رہے کہ بائیں ہاتھ کے گراہم تھورپ نے 1993 سے 2005 کے درمیان انگلینڈ کے لیے 100 ٹیسٹ میں 44.66 کی اوسط سے 16 سنچریوں کی مدد سے 6 ہزار 744 رنز بنائے، اس کے علاوہ انہوں نے انگلینڈ کی جانب سے 82 ون ڈے میچز بھی کھیلے، جس میں 2 ہزار 380 رنز اسکور کیے، ریٹائرمنٹ کے بعد گراہم تھورپ نے انگلش ٹیم کی کوچنگ کی بھی ذمہ داریاں نبھائیں اور وہ بیٹنگ کوچ بھی رہے۔