( 24نیوز)پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ اندرونی اور بیرونی محاذوں پر درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے پاک فضائیہ دیگر مسلح افواج کے ساتھ ہر وقت تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کراچی میں پی اے ایف ایئرمین اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ ہم جبر کے شکار مظلوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری بہن بھائیوں کو آزادی کی جدوجہد میں پاکستان کی غیرمتزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت حاصل رہے گی۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ اکیڈمی سے 1474 ایرو اپرنٹس نے ٹریننگ مکمل کی، پاس آؤٹ کرنے والوں میں پاکستان کے ساتھ بنگلا دیش، سری لنکا اور نیپال کے ٹرینیز بھی شامل ہیں۔ایئر چیف نے پاس آؤٹ ہونے والے ٹرینیز کو تلقین کی کہ وہ پاک فضائیہ کی شاندار روایات کو برقرار رکھیں۔
مجاہد انور خان نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایئرو اپرنٹسز کو ٹرافیاں بھی دیں۔جنرل سروس ٹریننگ میں بہترین کارکردگی پر اکیڈمی سارجنٹ ایئرکرافٹ مین حسین علی کو ایئر افسر کمانڈنگ ٹرافی سے نوازا گیا۔ بنگلا دیشی فضائیہ سے تعلق رکھنے والے لیڈنگ ایئر کرافٹ مین ایم ڈی غلام ربانی بہترین کارکردگی پر بیسٹ فارن ٹرافی کے حق دار قرار پائے۔مجموعی طور پر اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے ایئرکرافٹ مین سکندر اقبال کو چیف آف دی ایئر اسٹاف ٹرافی سے نوازا گیا۔