(24 نیوز) معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ مریم صفدر نے کہا تھا 8 دسمبر کو آر یا پار ہوگا، ہمیشہ کی طرح یہ بھی ایک جھوٹ تھا، یہ منافق استعفوں کی ایک اور جھوٹی تاریخ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے سماجی رابطے کی ایک ویب سائٹ پر ٹویٹ میں کہا ہے کہ جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں، کل کے جلسے میں یہ اپنے ارکان کے استعفے جمع نہیں کرا پائیں گے۔شہباز گل نے کہا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سٹیج پر موجود مریم صفدر سے لیکر بلاول بھٹو زرداری تک 75 فیصد ملز مالکان یہی ہیں جو صبح شام آٹا، چینی چور کی گردان دہراتے نہیں تھکتے، کیا یہ حلفاً کہیں گے کہ ان کی شوگر ملز نے چینی 50 روپے کلو بیچی ؟ اگر نہیں بیچی ہے تو چینی چور کون ہوا ؟۔
انہوں نےمزید کہا سندھ کی عوام کی جیب سے 20 کلو آٹے میں 700 روپے زائد نکلوائے جا رہے ہیں تو یہ اضافی رقم کس کی جیب میں جا رہی ہے ؟ جلسوں میں جو گلا پھاڑ کر عوام کا رونا رونے کی ایکٹنگ کرتے نظر آتے ہیں، اصل میں عوام کی جیب پر ڈاکے یہی ڈالتے ہیں۔