(24نیوز) پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک میں تیزی، 13دسمبر مینار پاکستان گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں،متوالوں نے انتظامیہ کی جانب سے گریٹر اقبال پارک پر لگائے گئے تالے توڑ دئیے، احاطے میں اسٹیج لگانے کا کام جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم جلسہ کو روکنے کےلئے انتظامیہ کی جانب سے سٹیج کی تیاری متاثر کرنے کے لئے گریٹر اقبال پارک کے گیٹ کو تالا لگایا گیا جسے مسلم لیگ ن کے کارکن توڑ کر سٹیج بنانے کا سامان لے کر احاطہ مینار پاکستان میں داخل ہوگئے۔
دوسری جانب معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر مینار پاکستان جلسے کی اجازت نہیں دی، فسادی پی ڈی ایم ٹولے کے بریک اَپ کا وقت آن پہنچا، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی ذمہ دار جلسہ انتظامیہ ہوگی۔
ادھر ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جتنے مرضی مقدمات درج کرلیں، لاہور جلسہ ہر صورت ہوگا، کارکن گھبرانے والے نہیں، عوام کی طاقت سے حکومت کو ووٹ کی عزت کا جواب دیں گے، کل کے جلسے کا اثر حکومتی حلقوں میں نظر آنا شروع ہوگیا۔