پی ڈی ایم رہنماﺅں کا حکومت سے مذاکرات نہ کرنے پر اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میاں نوازشریف اور آصف علی زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا،تینوں رہنماﺅں میں حکومت سے مذاکرات نہ کرنے پر اتفاق ہواہے، ادھر پیپلزپارٹی اور لیگی ارکان اسمبلیوں کی جانب سے استعفوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان حکومت مخالف تحریک کامیاب بنانے کیلئے سرگرم ہو گئے ہیں،مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق صدر آصف علی زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، بات چیت میں لاہور جلسے کے علاوہ لانگ مارچ، استعفوں اور حکومت مخالف تحریک پر بات چیت کی گئی، مولانا فضل الرحمان نے ملک میں تیزی سے بدلتی صورتحال بارے دونوں کو آگاہی دی، تینوں رہنماو¿ں میں مسلسل کوآرڈینیشن رکھنے پر اتفاق ہوا، ذرائع کے مطابق بات چیت میں اتفاق ہوا کہ حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی اور لیگی ارکان اسمبلی کی جانب سے استعفوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، سندھ سے پیپلزپارٹی کے وزرا ناصر حسین شاہ اور اسماعیل راہو نے استعفے بلاول ہاؤس جمع کرادیئے، رکن سندھ اسمبلی امداد پتافی اور سید ضیاعباس شاہ نے بھی اپنے استعفے بلاول ہاؤس کراچی بھجوادیئے، جنوبی پنجاب سے پیپلز پارٹی کے ایم این اے نوابزادہ افتخار احمد نے استعفیٰ قیادت کو جمع کرادیا، ادھر لیگی ایم این اے چوہدری فقیر احمد آرائیں اور ایم این اے سید ساجد سلیم شاہ نے بھی استعفے پارٹی قیادت کو بھجوادیئے۔