بھارت جس فورم پر جائےگا وہاں اسے کشمیریوں کی آواز گونجتی ملے گی، شاہ محمود

Dec 12, 2020 | 21:34:PM

(24 نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت جس عالمی فورم پر جائے گا وہاں اسے نہتے کشمیریوں کی آواز گونجتی ملے گی۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے بھارتی چہرہ دنیا پر عیاں ہو چکا ہے۔انھوں نے کہا بھارت نے عالمی قوانین، عالمی انسانی حقوق اور عالمی قراردادوں کو بالائے طاق رکھ دیا ہے، اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، لیکن اب بھارت کی پالیسیوں اور ہندوتوا سوچ کے خلاف اندر سے آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا ہم دنیا کو بھارت کے مذموم مقاصد سے آگاہ کرتے آ رہے ہیں، بھارت جس عالمی فورم پر جائے گا وہاں اسے نہتے کشمیریوں کی آواز گونجتی ملے گی، کشمیر کی آواز ایک خطے کی نہیں بلکہ عالمی آواز بن چکی ہے،شاہ محمود نے کہا کہ بھارت غلط فہمی میں نہ رہے جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

مزیدخبریں