شہری آبادی پر فائرنگ، دفتر خارجہ کا افغان حکام سے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) دفتر خارجہ نے افغان حکام سے چمن کی شہری آبادی پر افغان بارڈر فورسز کی بلا اشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے پاکستان کے سرحدی علاقے چمن میں شہری آبادی پر افغان بارڈر فورسز کی اندھا دھند فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے افسوسناک واقعات دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کے مطابق نہیں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان بارڈر فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 پاکستانی شہری جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے ہیں۔ سرحد پر شہریوں کی حفاظت کرنا دونوں فریقین کی ذمہ داری ہے، لہذا افغان حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔
دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ حکام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے رابطے میں ہیں کہ صورتحال مزید خراب نہ ہو۔