(ویب ڈیسک )ٹوئٹرنے بلیو ٹک سروس کا دوبارہ آغاز کردیا، آئی فون صارفین کو11 ڈالر اور ویب پر 8 ڈالر ماہانہ فیس دینا ہوگی۔ٹوئٹر نے اتوار کو اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے کیے گئے ٹوئٹ میں اعلان کیا کہ وہ پیر 12 دسمبر سے بلیو ٹک سبسکرپشن سروس دوبارہ شروع کررہے ہیں جو صارفین کو پریمیم فیچرز تک رسائی دے گی۔
تفصیلات کے مطابق سبسکرائبرز کو تصدیقی بلیو ٹک کے ساتھ 1080p ویڈیوز پوسٹ کرنے، ٹویٹ کو پوسٹ کرنے کے بعد 30 منٹ تک ایڈٹ کرنے، اشتہارات کی نصف تعداد اور طویل ٹویٹ پوسٹ کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی۔کمپنی کا کہنا ہے کہ ویب پر ٹوئٹر بلیو ٹک کی سبسکرشن 8 ڈالر جبکہ iOS صارفین کیلئے 11 ڈالر ماہانہ میں ہوگی، بلیو ٹک اکاؤنٹس کو عام صارفین کے مقابلے میں زیادہ اہمیت حاصل ہوگی اور وہ سرچ میں سب سے اوپر جائیں گے۔
واضح رہے کہ ٹوئٹر نے پیسوں کے بدلے بلیو ٹک بیچنے کا پہلا مرحلہ نومبر میں ایلون مسک کے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے 10 دن بعد شروع کیا تھا لیکن کئی جعلی اکاؤنٹس کی جانب سے رقم دے کر تصدیق کروانے پر اس ورژن کو فوری طور پر معطل کردیا گیا تھا۔
ٹویٹر کی ویب سائٹ کے مطابق بلیو ٹک سروس فی الحال صرف امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور برطانیہ میں iOS پر دستیاب ہے۔کمپنی نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ وہ کلر کوڈڈ تصدیقی اسکیم متعارف کرائے گی، جس میں کاروباروں کو گولڈ ٹک یا چیک مارک اور سرکاری اکاؤنٹس کو گرے سمبل دیا جائے گا۔
ٹویٹر نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ ایپل کے صارفین سے ویب پر دوسروں کے مقابلے میں زیادہ فیس کیوں لی جا رہی ہے لیکن گزشتہ ماہ انہوں نے ایپل پر الزام لگایا تھا کہ وہ ٹویٹر کو اپنے ایپ اسٹور سے نامعلوم وجوہات کی بناء پر بلاک کرنے کی دھمکی دے رہا ہے اور یہ بھی کہا کہ آئی فون بنانے والی کمپنی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اشتہارات بند کر دیے ہیں۔
تاہم بعد میں ایپل کے چیف ایگزیکٹیو ٹِم کُک کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے بعد ایلون مسک نے ٹویٹ کیا تھا کہ ایپل کے ایپ اسٹور سے ٹوئٹر کو ہٹائے جانے کے بارے میں غلط فہمی دور ہو گئی ہے۔