ڈیلی میل میں جھوٹی خبر شائع کرانا عمران نیازی کی سازش تھی: وزیراعظم شہباز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیلی میل میں جھوٹی خبر شائع کرانا عمران نیازی کی سازش تھی، ان کی کوشش تھی پاکستان کو کوئی عالمی گرانٹ نہ ملے، دو سال کی تحقیقات میں کچھ ثابت نہ ہوا، دس سال گزر جائیں یا بیس سال سچ سامنے آکر رہتا ہے، عمران خان کا کام دن رات جھوٹ بولنا ہے، توشہ خانہ کی گھڑی بیچی اور رسید بھی جعلی بنوائی گئی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کچھ معاملات پر گفتگو کرنا چاہتا ہوں، پچھلی حکومت نے نواز شریف اور ہمارے خاندان پر بے بنیاد الزامات لگائے، الزامات کا مقصد نواز شریف اور مجھے پارٹی کو بدنام کرنا تھا، اصل کیس پناما کا تھا اور سزا اقامہ میں ہوئی، پناما میں نواز شریف کا دور دور نام نہیں تھا، نواز شریف پر گند اچھالا گیا، جسٹس شوکت صدیقی کا بیان بھی سب کے سامنے ہے، دس یا بیس سال گزر جائیں سچ سامنے آکر رہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جھوٹی بات چھپ نہیں سکتی، برطانیہ میں بھی انویسٹی گیشن ہوئی اللہ نے ہمیں عزت دی، ڈیلی میل کی خبر بھی سب کے سامنے ہے، عمران نیازی، شہزاد اکبر کی ہارٹ لیس اپروچ تھی، انہوں نے یہ نہیں سوچا کہ پاکستان کی بھی بدنامی ہوگی، ان کا مقصد شریف خاندان کو رسوا کرنا تھا، برطانیہ سے ملنے والی امداد کو شفاف طریقے سے خرچ کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ برطانوی اخبار نے وضاحت دی کہ الزامات غلط ہیں، اس وضاحت کو 6 گھنٹے موخر کرایا گیا، پی ٹی آئی سوشل میڈیا نے بہت گالم گلوچ کیا، اس کے نتیجے میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی، ڈیلی میل کو قانون کے مطابق نوٹس دیا تھا، ڈیلی میل نے 3 سال لیت و لعل سے کام لیا پھر غیرمشروط معافی مانگی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 3 سال ڈیلی میل کو کس بات پر لگے؟ پہلے کہا گیا کورونا آگیا پھر کہا گیا ڈیوڈ روز چھٹی پر چلے گئے، ڈیلی میل نے بار بار کورونا کا بہانہ بنایا، برطانوی اخبار نے کہا ہم نے پاکستان جانا ہے، ڈیلی میل نے یہ مجھ سے نہیں 22 کروڑ عوام سے معافی مانگی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد نے ایک خانہ کعبہ ماڈل والی گھڑی بنائی تھی، کعبہ کی حرمت کا بھی خیال نہیں کیا گیا، اس گھڑی کو بیچ کر گھٹیا حرکت کرکے پاکستان کی عزت کو نیلام کیا، اس بات کو کوئی جھٹلا نہیں سکتا، 2 ملین ڈالرمیں دکاندار نے گھڑی خریدی تھی، ایک وہ دکاندار بھی سامنے آگیا جس نے کہا یہ رسید جھوٹی ہے، انہوں نے فراڈ کیا، ایک شخص نے پاکستان کی معیشت، خارجی تعلقات کو برباد کیا، اس شخص نے دن رات جھوٹ بولا، ڈیلی میل نے آرٹیکل کو ہمیشہ سے ہٹا دیا ہے۔