نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا رات گئے گھوڑا چوک فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(علی رامے) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی رات گئے گھوڑا چوک فلائی اوور پراجیکٹ کا جائزہ لینے پہنچ گئے۔
نگران وزیراعلیٰ نے پیدل چلتے ہوئے اوور ہیڈ برج کا معائنہ کیا جبکہ ڈیفنس موڑ سے گلبرگ جانے والی نئی روڈ کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ڈیفنس سے آنے والی سڑک کو مزید کشادہ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
بریفنگ کے دوران نگران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ گھوڑا چوک فلائی اوور پراجیکٹ کا 95 فیصد مکمل ہوچکا ہے جبکہ سلپ روڈ تکمیل کے بعد کھول دیے گئے ہیں، اس کے علاوہ پراجیکٹ کی پائیداری چیک کرنے کیلئے عالمی معیار کے مطابق پریشر ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: عام آدمی کو بہتر صحت سہولیات کی فراہمی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا ایک اور اعلیٰ اقدام
بریفنگ کے دوران مزید بتایا گیا کہ پراجیکٹ کی ڈرین کی تکمیل کے بعد سلوپس پر اسفالٹ پھیلانے کا عمل بھی مکمل ہوچکا ہے۔
اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ سنٹر پوائنٹ گلبرگ تا گھوڑا چوک سگنل فری کو ریڈور بننے سے ٹریفک کے بہاؤ میں روانی آئیگی اور آمد و رفت میں سہولت ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
صوبائی وزراء عامر میر، منصور قادر، اظفرناصر، سیکریٹری ہاوسنگ، سی سی پی او، سی ٹی او، کمشنر، ڈپٹی کمشنر، ڈی جی پی ایچ اے، ڈی جی واسا اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔