شادی کی چھٹی سالگرہ، انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی رومانوی تصاویر وائرل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) شادی کی چھٹی سالگرہ مناتے ہوئے انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی رومانوی تصاویر وائرل ہو گئیں۔
اداکارہ انوشکا شرما اور ان کے شوہر و بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے اپنی شادی کی چھٹی سالگرہ کا جشن مناتے ہوئے رومانوی تصاویر جاری کیں، بالی ووڈ داکارہ اور کرکٹ کی دنیا میں یکساں مقبولیت کی حامل جوڑی انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی شادی کو رواں برس 6 سال مکمل ہوگئے لیکن دونوں کی محبت تقریباً 10 سال پرانی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سال 2013 میں انوشکا اور ویرات ایک شیمپو کے اشتہار میں ایک ساتھ کاسٹ کیے گئے تھے اور یہی اشتہار ان کی پہلی ملاقات اور پھر محبت کی وجہ بن گیا۔
سچی محبت پر یقین دلاتی اس جوڑی نے 11 دسمبر کو لندن میں اپنی شادی کی سالگرہ منائی جس کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کر کے مداحوں کے ساتھ خوشی کے یادگار لمحات شیئر کیے۔
انوشکا شرما نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ویرات کوہلی کو گلے لگائے ہوئے ایک تصویر شیئر کی جس کے کیپشن میں اداکارہ نے اپنی محبت کا بھرپور اظہار بھی کیا۔
انوشکا نے لکھا کہ ’ محبت، دوستوں اور فیملی کے ساتھ گزارا گیا دن۔ انسٹاگرام پر اس دن کی تصویر شیئر کرنے میں تھوڑی تاخیر ہوگئی کیا ؟‘انہوں نے مزید لکھا کہ ’میری محبت اور زندگی کی سب سے خاص نعمت کے ساتھ چھ سال اور تاعمر تک کا سفر‘۔
جہاں انوشکا شرما نے اس خاص دن کی تصویر کو سوشل میڈیا کی زینت بنایا وہیں ویرات کوہلی بھی اپنی ’زندگی کی محبت‘ کے ساتھ تصویر لے کر انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پہنچ گئے۔
ویرات نے انوشکا کے ساتھ ایک دلکش تصویر انسٹاگرام پر پوسٹ کی جس کے کیپشن میں بغیر الفاظ کا استعمال کیے اپنے دل کی کہانی لکھ دی۔
کوہلی نے اس رومانوی تصویر کے کیپشن میں ’سرخ دل‘ والا ایموجی بنایا اور اس کے ساتھ ’انفنیٹی’ ایموجی بنا کر اپنی محبت کے ہمیشہ قائم رہنے کی چاہ کا اظہار کردیا۔
واضح رہے کہ 2014 میں اس جوڑے کی رشتۂ محبت میں جڑنے کی خبریں سرخیوں کا حصہ بنی رہیں جبکہ دونوں ہی ان خبروں پر اپنا موقف دینے سے گریز کرتے رہے۔
بالآخر انوشکااور ویرات نے سال 2017 میں اٹلی میں شادی کرلی جس کی تصاویر اور ویڈیوز کسی فلمی محبت بھری داستان کی مانند تھیں، اس جوڑے کے ہاں 11 جنوری 2021 میں ننھی پری کی آمد ہوئی جسکو دونوں نے میڈیا سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا۔