عدلیہ بھٹو کی پھانسی میں ملوث عناصر کو سزا سنا کر تاریخ درست کرے، بلاول بھٹو

Dec 12, 2023 | 20:02:PM

(24 نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عوام بھٹو کو بے گناہ قرار دے چکے ہیں اب باری عدلیہ کی ہے کہ وہ قائد عوام کو بے قصور قرار دے اور ملوث عناصر کو سزا سنا کر تاریخ درست کرے۔

گوجرانوالہ میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری عدلیہ کو اب موقع ملا ہے کہ وہ بھٹو کیس میں انصاف کرکے اپنے داغ دھوئے، عوام نے فیصلہ دیا ہے کہ بھٹو بے قصور ہے، پاکستان کے عوام نے بے نظیر کو وزیراعظم بنا کر فیصلہ سنا دیا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو بے قصور تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اب انتظار یہ ہے کہ عدالت اعتراف کرے کہ بھٹو کو پھانسی دے کر عدلیہ نے جرم کیا۔ سپریم کورٹ کے پاس موقع ہے کہ وہ بھٹو کو پھانسی دینے میں ملوث عناصر کیخلاف فیصلہ سنا کر عدالتی اور قانونی ریکارڈ کے ساتھ تاریخ بھی درست کرے تاکہ عوام کو یقین آئے کہ عدالت سے انہیں بھی انصاف مل سکتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ زرداری کے ریفرنس اور قاضی فائر عیسیٰ کی بہادری سے ذوالفقار علی بھٹو اور عوام کو انصاف ملے گا، پھر ہم ملکر بھٹو کے مشن روٹی، کپڑا اور مکان کو پورا کریں گے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش معاشی مسائل کا حل بھی بھٹو کے منشور اور نظریے میں موجود ہے، آپ کے پاس سیاست دان آئیں گے جو دوسرے کو گالی دے کر اپنے لیے ووٹ مانگیں گے مگر ہمارا ایسا طرز سیاست نہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کی خوبی یہ ہے کہ ہمارا کوئی مخالف نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمارا ’پرانے‘ سیاست دانوں سے کوئی مقابلہ نہیں ہے، ہماری تین نسلوں کی جدوجہد میں کئی جماعتیں آئیں اور چلی گئیں، ہمارا مقابلہ غربت، بے روزگاری اور مہنگائی سے ہے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ میری سیاسی تربیت میں نفرت، تقسیم اور گالم گلوچ کی تربیت شامل نہیں، یہ تربیت مجھے شہید بے نظیر بھٹو نے دی اور حکم دیا کہ غریب عوام، کسانوں، مزدوروں اور پسماندہ علاقوں کی خدمت کرنا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ معاشی بحران میں آپ جیالوں کو میرا بازو بن کر گھر گھر پہنچانا ہے، عوام کو پی پی کے منشور کے بارے میں سمجھانا ہے، روزگار پیپلز پارٹی کی تاریخ ہے، حکومت جب بھی ملی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دیے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے نوجوانوں کو ملک میں روزگار کے مواقع دیے اور مفت پاسپورٹ دے کر دنیا بھر میں اُن کیلیے روزگار کے دروازے کھولے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر اپنا انتخابی منشور بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نوجوانوں کو روزگار، کچی آبادی میں رہنے والوں کو اُن کے گھروں کے مالکانہ حقوق، کسان اور مزدور کارڈ متعارف کرائیں گے۔

آئندہ انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جسٹس فائز عیسیٰ نے فیصلہ سنادیا ہے 8فروری کو الیکشن ہوں گے اور فروی کو ایسا سرپرائز دیں گے جو رائے ونڈ کو یاد رہے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چار بار ناکام رہنے والے پانچویں بار کونسا تیر مار لیں گے ۔

مزیدخبریں