ملک میں سردی کے ڈیرے،بارش ہوگی یا نہیں؟محکمہ موسمیات نے بتادیا
سب سے کم درجہ حرارت کہاں ریکارڈ کیا گیا؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(کومل اسلم )محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان جبکہ پہاڑی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ مری اور گلیات میں ہلکی بارش و برفباری ہوگی اور جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں ہلکی دُھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے سردی کی موجودہ لہر 15 دسمبر تک برقرار رہنے کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔
کراچی سمیت ملک بھر میں سردی نے ڈیرے جما لیے ہیں، استور سمیت بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی لہہ میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی دس ڈگری ریکارڈ کیا گیا، اسی طرح گوپس میں منفی سات، اسکردو، استور، کالام اور قلات میں پارہ منفی چھ تک گرگیا۔
کراچی میں رات اور صبح کے اوقات میں ٹھنڈی ہواؤں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، صبح سویرے درجہ حرارت بارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہریوں نے طویل انتظار کے بعد گرم کپڑے نکال لیے ہیں۔
پاکستان کے آلودہ شہروں میں راولپنڈی کا آج پہلا نمبر جہاں صبح سویرے ایئر کوالٹی انڈیکس دو سو ستائیس ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان سمیت متعدد ممالک میں واٹس ایپ، فیس بک کی سروس متاثر
دوسری جانب باغوں کے شہر لاہور کا موسم آج سرد اور خشک رہے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کا کم سے کم درجہ حرارت 7 جبکہ زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد تک جا پہنچا ہے، ہوا کی رفتار 2 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد وشمار کے مطابق آلودگی کے اعتبار سے لاہور پاکستان میں پہلے نمبر پر ہے، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 277 ریکارڈ کی گئی ہے۔