(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے مذاکرات کی پیش کش اور رابطے پر پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات اچھی بات ہے مگر عمران خان دن میں کئی رنگ بدلتے ہیں اُن کی گارنٹی کون دے گا؟چند دن پہلے تک ان کے مذاکرات صرف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ حلال تھے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف نے لکھا کہ پی ٹی آئی نے 24 نومبر کے حوالے سے ہلاکتوں کی تعداد 12 سے لے کر 278 تک بتائی اور کوئی ثبوت بھی فراہم نہیں کئے،پی ٹی آئی نے رینجرز اور پولیس کی شہادتوں کا اعتراف یا ذکر تک نہیں کیا، یہ دوغلا پن اور دہرا معیار تحریک انصاف کی شناخت اور کلچر ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے غیر مشروط مذاکرات کی پیشکش کے معاملے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ان کے مذاکرت چند دن پہلے تک صرف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ حلال تھے اور حکومت سے مذاکرات حرام تھے،انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات اچھی بات مگر عمران خان کی گارنٹی کون دے گا کیونکہ وہ تو دن میں کئی رنگ بدل لیتے ہیں۔
خواجہ آصف نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ کوئی زمانہ تھا جب جنرل باجوہ اور فیض ضامن ہوتے تھے یہ تب کی بات ہے جب محبت جوان تھی۔