صدر مملکت کا مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے پر زور

Dec 12, 2024 | 11:36:AM
صدر مملکت کا مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے پر زور
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس میں چین کے کاروباری وفد نے ملاقات کی جس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزراء، چین کے کونسل جنرل نے شرکت کی۔

ملاقات کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعاون فروغ دینے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کے عوام بالخصوص سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط بڑھانا ہوں گے۔

وفد نے ملکی شعبہ صحت کی ترقی کیلئے پاکستان میں میڈیکل سٹی کے قیام کیلئے 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ معیشت کے مختلف شعبوں بالخصوص زراعت، لائیو سٹاک، توانائی، ٹرانسپورٹ اور مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔

اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان گہرے اور تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے اہم امور پر مشترکہ مفادات اور خیالات ہیں، پاکستان اور چین کے مابین کئی دہائیوں پر محیط گہری دوستی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سولر پینل سکیم وزیراعلیٰ کا فلیگ شپ پروگرام ہے: عظمیٰ بخاری

انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کو ایک علاقائی تجارتی اور اقتصادی حب کے طور پر ترقی دینا میرا وژن تھا، گوادر بندرگاہ سے نہ صرف علاقائی روابط بہتر ہوں گے بلکہ علاقائی تجارت اور اقتصادی تعاون کو بھی فروغ ملے گا، پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہے گا، پاکستان چین کے ساتھ اقتصادی تعلقات اور کاروبار کو ترجیح دے گا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور مدد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، سندھ میں چینی زبان کے کورسز متعارف کرائے گئے ہیں، چینی زبان کے کورسز پاکستان اور چین کے درمیان عوامی اور ثقافتی روابط مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ثابت ہوں گے۔