فیشن ڈیزائننگ کے شعبے میں خدمات پرمحمود بھٹی خیرسگالی سفیر مقرر
مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کیلئے کوشاں ہیں،چوہدری شافع حسین
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)فیشن ڈیزائننگ کے شعبے میں خدمات پر فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کو خیرسگالی سفیر مقرر کر دیا گیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کے امور کا جائزہ لیا گیا،صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، چیئرپرسن ٹاسک فورس برائے سکل ڈویلپمنٹ عدنان افضل چٹھہ، ایڈیشنل ڈی جی پی ایس ڈی اے اور متعلقہ افسران کے علاوہ معروف فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں محمود بھٹی کی خدمات کو سراہا گیا اوران سے استفادہ کرنےکا فیصلہ کیا گیا،صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پرکہا کہ معیاری ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کیلئے جامع سکل ڈویلپمنٹ پالیسی دی گئی ہے، سرکاری سکولوں میں آئندہ سال سے میٹرک ٹیک سکیم شروع کی جارہی ہے،میٹرک ٹیک میں فیشن ڈیزائننگ،ایگرکلچر سائنس، ہیلتھ سائنس اور کمپیوٹر سائنس کے مضامین شامل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:متحدہ عرب امارات کے سفیر کی اسحاق ڈار سے ملاقات، ویزا مسائل پر تبادلہ خیال
چوہدری شافع حسین نے مزید کہاکہ فیشن ڈیزائننگ میں معروف فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا،ہم مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کیلئے کوشاں ہیں۔