(24 نیوز) عدالت عالیہ اسلام آباد کے جسٹس محسن اختر کیانی نے آئی ایس آئی کے سابق ڈی جی اسد درانی کی اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کے حوالے سے کیس کی مزید سماعت سے معذرت کر لی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کےجسٹس محسن اختر کیانی نے کہا ہے کہ میں کیس کا سارا بیک گراؤنڈ جانتا ہوں، فیصلہ لکھنے کے مرحلے میں تھا، یہ افسوسناک ہے لیکن کچھ ایسی وجوہات ہیں جو بتانا نہیں چاہتا۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ میں یہ کیس چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللّٰہ کو بھیج رہا ہوں، چیف جسٹس ہی اس کیس پر سماعت کے لیے نئے بنچ کا فیصلہ کریں گے۔
یاد رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی ایجنسی ’را‘ کے سابق سربراہ کیساتھ ملکر کتاب لکھنے پر اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا۔