سینٹ کا انتخابی دنگل،پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے امیدوار میدان میں اتاردئیے

Feb 12, 2021 | 13:04:PM
سینٹ کا انتخابی دنگل،پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے امیدوار میدان میں اتاردئیے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)سینٹ انتخابات کیلئے پیپلزپارٹی نےسندھ  سے نام فائنل کرلئے ہیں جبکہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فوادچودھری نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے تحریک انصاف  کے 13امیدواروں  کی لسٹ بھی جاری کردی ہے۔

  پیپلزپارٹی نے سندھ سے پارلیمان کے بڑے ایوان کی نمائندگی کیلئے بڑے نام فائنل کرلئے۔ سینٹ انتخابات میں سندھ سے پارٹی کی نمائندگی کیلئے شیری رحمان اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈووی والا کے نام کا قرعہ نکلا ہے۔سندھ کی حکمراں جماعت نے صوبے سے ٹیکنوکریٹ کی نشست کیلئے ڈاکٹر کریم خواجہ،جنرل سِیٹس کیلئے تاج حیدر اورجام مہتاب ڈاہر جبکہ خواتین کیلئے مختص نشست کیلئے پلوشہ خان کو ٹکٹ تھما دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ناموں کی حتمی منظوری سابق صدر آصف زرداری اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دی۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے سندھ سے وفاقی وزیربرائے آبی وسائل فیصل واوڈا کو سینٹ امیدوار نامزد کردیا۔ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر سیف اللہ ابڑو پارٹی امیدوار ہوں گے۔سینٹ معرکے میں پی ٹی آئی نے اسلام آباد سے وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد کو میدان میں اتارا ہے۔ پنجاب سےسیف اللہ نیازی ، ڈاکٹر زرقا اور بیرسٹر علی ظفر حکمراں جماعت کے امیدوار ہوں گے۔پی ٹی آئی نے خیبر پختونخواہ سے وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز، ثانیہ نشتر، محسن عزیز، دوست محمد اور فرزانہ کا نام امیدواروں کی حتمی فہرست میں شامل کیا ہے۔ اُدھر تحریکِ انصاف کی جانب سے بلوچستان سے عبدالقادر کا نام فائنل کیا گیاہے۔واضح رہے کہ سینٹ انتخابات کیلئے پی ٹی آئی امیدواروں کے نام وفاقی وزیرِ اطلاعات شبلی فراز یا دیگر حکومتی ترجمانوں کے بجائے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے بذریعہ ٹویٹ شیئر کئے۔