بھارت: کسان ڈٹے ہوئے، راہول گاندھی حکومت پر برس پڑے

Feb 12, 2021 | 15:29:PM

(24  نیوز) بھارت میں 3 زرعی قوانین کے خلاف  کسانوں کا احتجاج جاری ہے،بھارت کی اپوزیشن جماعت  کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ متنازع قوانین نے کسانوں، مزدوروں اور چھوٹے دکانداروں کی ریڑھ کی ہڈی توڑ دی ہے ،سن لو یہ کسانوں کی نہیں پورے ملک کی تحریک ہے۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں جاری کسانوں کا احتجاج زور و شور سے جاری ہے ، اور کسان اپنے مطالبات کے حق میں ڈٹے ہوئے ہیں۔بھارت میں ٹویٹرعہدیداروں کی گرفتاریاں اور انہیں دھمکیاں جاری ہے۔دھرنوں میں شریک افراد کے گھروالوں کی پکڑ دھکڑ بھی کی جا رہی ہے، کسانوں نے بھی حفاظتی اقدامات کرلئے ہیں، سنگھو بارڈر پر 600 کاشتکاروں نے پوزیشن سنبھال لی۔

ادھر بھارت کی پارلیمنٹ میں متنازع زرعی قوانین کے معاملے پر خوب شور شرابہ ہو رہا ہے ۔ لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے کہا کہ آپ لکھ کر لے لیں، کسان ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، آپ نے ملک کی ریڑھ کی ہڈی توڑ دی ہے۔ ان قوانین کی وجہ سے ہندوستانیوں کو بھوک سے مرنا پڑے گا۔اس موقع پر کانگریس ارکان نے احتجاج میں جان دینے والے کسانوں کے لئے کھڑے ہو کر خاموشی اختیار کی جبکہ بی جے پی ارکان شور مچاتے رہے۔


 

مزیدخبریں